امریکہ کی حالیہ کارروائیوں کے بعد ایران نے خطے میں موجود امریکی فوجی اڈوں پر جوابی میزائل اور ڈرون حملے کیے ہیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق بحرین، ابوظہبی اور قطر میں میزائل حملے کیے گئے جبکہ سعودی دارالحکومت ریاض میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ مختلف خلیجی ممالک میں فضائی دفاعی نظام کو متحرک کیے جانے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔
ایرانی ٹی وی کا کہنا ہے کہ ایران نے اس رائ یل پر تقریباً 75 میزائلوں سے حملہ کیا ہے۔ایرانی پاسداران انقلابی گارڈز نے کہا کہ اس رائ یل کے خلاف میزائل ڈرون حملوں کی پہلی لہر لانچ کر دی۔
ایران کی جانب سے جاری بیان میں اسلامی انقلابی گارڈ کور (پاسدارانِ انقلاب) نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے میزائلوں اور ڈرونز نے بحرین میں امریکی بحریہ کے پانچویں بیڑے کے ہیڈکوارٹر، قطر اور متحدہ عرب امارات میں موجود دیگر امریکی فوجی تنصیبات اور اسرائیل میں ’’فوجی و سکیورٹی مراکز‘‘ کو نشانہ بنایا۔
امریکی فوج کی جانب سے فوری طور پر ان حملوں پر کوئی باضابطہ ردِعمل سامنے نہیں آیا، تاہم امریکی سفارتخانوں نے پیشگی طور پر اپنے شہریوں کو خبردار کرتے ہوئے ممکنہ میزائل اور ڈرون حملوں کے پیش نظر محفوظ مقامات پر رہنے کی ہدایت جاری کی تھی۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس جون میں 12 روزہ جنگ کے دوران ایران نے قطر میں قائم امریکی فضائی اڈے العدید ایئر بیس کو بھی نشانہ بنایا تھا، جس کے بعد خطے میں کشیدگی میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا تھا۔
تازہ حملوں کے بعد مشرقِ وسطیٰ میں سکیورٹی صورتحال مزید کشیدہ ہو گئی ہے اور عالمی برادری کی جانب سے تحمل اور سفارتی حل پر زور دیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھئیں


