لندن: برطانیہ میں سابق وزیر اعظم عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما خان پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے الزام میں تقریباً ایک ہزار پاؤنڈ جرمانہ عائد کر دیا گیا۔
عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانوی عدالت نے جمائما خان کی ملکیت میں رجسٹرڈ گاڑی کو مقررہ حد سے زیادہ رفتار پر چلانے کے معاملے پر کارروائی کی۔
پولیس کی جانب سے گاڑی کے مالک کو ڈرائیور کی تفصیلات فراہم کرنے کے لیے نوٹس بھیجا گیا تھا، تاہم مقررہ مدت میں جواب موصول نہ ہونے پر اسے علیحدہ قانونی خلاف ورزی قرار دیا گیا۔
برطانوی قانون کے تحت اگر گاڑی کے مالک کو بھیجے گئے نوٹس کا بروقت جواب نہ دیا جائے تو اس پر جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے، چاہے گاڑی کسی اور شخص کے زیر استعمال ہی کیوں نہ ہو۔
عدالتی کارروائی کے دوران جمائما خان نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کے گھر میں اس وقت تزئین و آرائش کا کام جاری تھا اور پولیس کی جانب سے بھیجا گیا خط تعمیراتی کام کرنے والے افراد کے پاس گم ہو گیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ انہیں اکتوبر تک نوٹس کے بارے میں علم نہیں تھا اور جیسے ہی خط ملا انہوں نے فوری طور پر مطلوبہ فارم بھر کر پولیس کو ارسال کر دیا۔
جمائما خان نے عدالت کو بتایا کہ متعلقہ وقت میں گاڑی وہ خود نہیں بلکہ تعمیراتی کام کرنے والا بلڈر چلا رہا تھا، تاہم چونکہ گاڑی ان کے نام رجسٹرڈ تھی اس لیے قانونی ذمہ داری ان پر عائد ہوئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق انہوں نے عدالت میں جرمانہ قبول کرتے ہوئے کہا کہ اگر قانون کے مطابق ان پر جرمانہ عائد ہوتا ہے تو وہ اسے تسلیم کرتی ہیں۔
یاد رہے کہ جمائما خان کی شادی 1995 میں پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان سے ہوئی تھی جو 2004 میں اختتام پذیر ہوئی۔ دونوں کے دو بیٹے ہیں
یہ بھی پڑھئِں


