پاکستان کی سینئر اداکارہ صبا حمید نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے ایک ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران اداکارہ حبا بخاری کو حقیقت میں تھپڑ مار دیا تھا۔
صبا حمید نے حال ہی میں تابش ہاشمی کے مزاحیہ پروگرام ’ہنسنا منع ہے‘ میں بطور مہمان شرکت کی جہاں انہوں نے اپنے مختلف ڈراموں کے یادگار سینز کے بارے میں گفتگو کی۔
اس دوران انہوں نے مقبول ڈرامے ’فتور‘ کی شوٹنگ کا ایک دلچسپ واقعہ بھی سنایا۔
اداکارہ کے مطابق اس ڈرامے میں حبا بخاری ان کی بیٹی کا کردار ادا کر رہی تھیں اور ایک سین میں انہیں بیٹی کو تھپڑ مارنا تھا۔
صبا حمید نے بتایا کہ وہ عام طور پر ڈراموں میں اصل تھپڑ نہیں مارتیں بلکہ کیمرہ اینگل اور اداکاری کے ذریعے سین کو حقیقت سے قریب بنا دیتی ہیں۔
تاہم اس موقع پر ہدایت کار نے اصرار کیا کہ سین کو زیادہ حقیقی بنانے کے لیے اصل تھپڑ مارا جائے۔
صبا حمید کا کہنا تھا کہ ہدایت کار کی ہدایت پر انہوں نے حبا بخاری کو واقعی تھپڑ مار دیا اور بعد میں فوراً ان سے معذرت بھی کی کیونکہ تھپڑ کافی زور سے لگ گیا تھا۔
ان کے مطابق ایسے سین اداکاروں کے لیے آسان نہیں ہوتے لیکن بعض اوقات کردار کی ضرورت کے تحت ایسا کرنا پڑتا ہے۔
واضح رہے کہ صبا حمید پاکستان کی معروف اور سینئر اداکارہ ہیں جو تین دہائیوں سے زائد عرصے سے شوبز انڈسٹری میں سرگرم ہیں۔
انہوں نے متعدد مقبول ڈراموں میں کام کیا ہے اور اداکاری کے ساتھ ساتھ ہدایت کاری کے میدان میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔
یہ بھی پڑھئیے


