حالیہ دنوں سپریم کورٹ ایمپلائیز ہاؤسنگ سوسائٹی اسلام آباد کے خلاف سوشل میڈیا پر جاری منفی مہم اور مختلف الزامات کے حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ زمینی حقائق ان دعوؤں کی تائید نہیں کرتے بلکہ سوسائٹی میں ترقیاتی اور انتظامی سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری ہیں۔
ذرائع کے مطابق سوسائٹی کی رجسٹریشن کے حوالے سے پھیلائی جانے والی معلومات گمراہ کن ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ جب سوسائٹی 1984 میں رجسٹرڈ ہوئی تو اسلام آباد میں کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹیز کی رجسٹریشن کے لیے موجودہ قانونی فریم ورک موجود نہیں تھا، اسی لیے اس وقت کے قانونی تقاضوں کے مطابق رجسٹریشن پنجاب میں کی گئی، جو مکمل طور پر قانونی عمل تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ انتظامیہ انتظامی، قانونی اور ترقیاتی معاملات کو مؤثر انداز میں آگے بڑھا رہی ہے۔ گزشتہ عرصے کے دوران ممبران کے متعدد دیرینہ مسائل حل کیے گئے، ریکارڈ کو بہتر بنایا گیا اور مختلف ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت تیز کی گئی۔
سوسائٹی میں ترقیاتی کام
ذرائع کے مطابق سوسائٹی کے مختلف بلاکس میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت، گلیوں کی بحالی، سیوریج اور ڈرینج سسٹم کی بہتری، پانی کی فراہمی، بجلی کے انفراسٹرکچر کی مضبوطی اور صفائی کے نظام پر مسلسل کام جاری ہے تاکہ رہائشیوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
ذرائع نے بتایا کہ رہائشی تعمیرات میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ متعدد پلاٹس پر گھروں کی تعمیر جاری ہے جبکہ مختلف مقامات پر تعمیراتی سرگرمیوں اور بھاری مشینری کی موجودگی سوسائٹی میں جاری ترقیاتی عمل کا واضح ثبوت ہے۔
ذرائع کے مطابق انتظامیہ ممبران کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور شکایات کے بروقت ازالے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ شفافیت اور بہتر سروس ڈیلیوری کو یقینی بنایا جا سکے۔
سوشل میڈیا پراپیگنڈہ
ذرائع کا کہنا ہے کہ بعض عناصر ذاتی مفادات یا مخصوص مقاصد کے تحت سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈا کر رہے ہیں، تاہم سوسائٹی میں جاری ترقیاتی کام ان دعوؤں کی نفی کرتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق انتظامیہ مستقبل میں انفراسٹرکچر کی مزید بہتری، سیکیورٹی کے نظام کو مضبوط بنانے، نئی یوٹیلٹی سروسز، پارکس اور دیگر کمیونٹی سہولیات کی فراہمی سمیت متعدد منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ جلد ہی نجی پرائیویٹ سرمایہ کاروں اور عام شہریوں کے لیے ایک جامع منصوبہ متعارف کرایا جائے گا، جس کا مقصد سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنا اور معیاری رہائشی و کاروباری سہولیات فراہم کرنا ہے۔ اس منصوبے سے متعلق باضابطہ اعلان آئندہ دنوں میں متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق مجموعی طور پر سوسائٹی میں جاری ترقیاتی سرگرمیاں اور انتظامی اقدامات اس تاثر کی نفی کرتے ہیں کہ ادارہ غیر فعال ہے، جبکہ انتظامیہ سوسائٹی کو مزید ترقی اور استحکام کی جانب لے جانے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔


