اسلام آباد: پاکستان میں ڈرامہ انڈسٹری نے پہلگام واقعہ کو بے نقاب کر نے کے لیے نئی ٹیلی فلم "بے گناہ” کا پہلا ٹیزر جاری کر دیا گیا ہے، جس نے ناظرین اور سوشل میڈیا صارفین کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی ہے۔ یہ ٹیلی فلم کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں پیش آنے والے حالیہ واقعے اوراس کے تناظر میں بھارت کی جانب سے پاکستان پر عائد کیے گئے جھوٹے اور من گھڑت الزامات کو بے نقاب کرتی ہے۔

فلم میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح بھارت نے پہلگام واقعہ کو پاکستان کے خلاف پروپیگنڈے کے طور پر استعمال کیا ااور ایک "فالس فلیگ آپریشن” کے ذریعے عالمی سطح پر پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کی۔ "بے گناہ” میں پاکستانی بیانئے کو اجاگر کیا گیا ہے۔
ہدایت کار شمعون عباسی نے فلم کی ڈائریکشن کے ساتھ ساتھ اہم کردار بھی ادا کیا ہے۔ فلم کی کہانی اور اسکرپٹ علی مؤین اور عرفان چندیو نے لکھا ہے، جب کہ نمایاں کاسٹ میں شمعون عباسی، حسن نیازی، کامران جیلانی اور دیگر شامل ہیں۔
ٹیزر میں سنسنی خیز مناظر کے ساتھ یہ پیغام دیا گیا ہے کہ معصوم جانوں کی قربانی کو سیاست اور جھوٹے پروپیگنڈے کے لیے استعمال نہیں کیا جا سکتا۔ فلم سازوں کے مطابق یہ منصوبہ پاکستانی عوام اور دنیا کو یہ دکھانے کے لیے ہے کہ پاکستان کو انڈیا کی جانب سے اکثر بے بنیاد الزامات کی زد میں لایا جاتا ہے۔
"بے گناہ” کے حوالے سے شائقین میں خاصا جوش و خروش پایا جا رہا ہے اور سوشل میڈیا پر ٹیزر کو بڑی تعداد میں شیئر کیا جا رہا ہے۔ توقع ہے کہ یہ ٹیلی فلم آئندہ چند ہفتوں میں نجی ٹی وی چینلز اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر ریلیز کی جائے گی۔

