واشنگٹن: ایران کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں امریکی ایوانِ نمائندگان نے ایک قرارداد منظور کر لی ہے جس کے تحت صدر ڈونلڈ ٹرمپ کانگریس کی منظوری کے بغیر ایران کے خلاف جنگی کارروائی نہیں کر سکیں گے۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ قرارداد ڈیموکریٹ ارکان کی جانب سے پیش کی گئی تھی، جسے 215 ووٹوں کی حمایت جبکہ 208 ووٹوں کی مخالفت کا سامنا کرنا پڑا۔ ووٹنگ کے دوران چار ریپبلکن ارکان نے بھی اپنی جماعت کے مؤقف سے ہٹ کر قرارداد کے حق میں ووٹ دیا۔
قرارداد میں واضح کیا گیا ہے کہ ایران کے خلاف کسی بھی فوجی اقدام کے لیے کانگریس کی پیشگی منظوری ضروری ہوگی۔ ارکانِ کانگریس کا کہنا ہے کہ آئین کے مطابق جنگ سے متعلق فیصلوں میں قانون ساز ادارے کا کردار بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔
مبصرین کے مطابق یہ اقدام ایران کے معاملے پر امریکی قانون سازوں میں پائی جانے والی تشویش کو ظاہر کرتا ہے، جبکہ اس حوالے سے اختلافِ رائے اب ریپبلکن پارٹی کے بعض حلقوں میں بھی سامنے آ رہا ہے۔


