سوات: خیبرپختونخوا کے سیاحتی علاقے کالام کے قریب واقع سیف اللہ جھیل میں کشتی الٹنے سے لاہور سے تعلق رکھنے والے ایک ہی خاندان کے چھ افراد جاں بحق ہوگئے، جبکہ ایک خاتون تاحال لاپتا ہیں۔ عینی شاہدین کے مطابق خاندان کے سربراہ نے آخری لمحوں تک اپنے بچوں کو بچانے کی بھرپور کوشش کی، مگر تیز پانی کے بہاؤ نے انہیں بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
حادثہ یکم جولائی کو پیش آیا، جب پاکستان نیوی کے ریٹائرڈ لیفٹیننٹ کمانڈر عامر اوندل اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ سیف اللہ جھیل کی سیر کے لیے کشتی میں سوار تھے۔ کشتی الٹنے سے عامر اوندل، ان کے بیٹے عبداللہ اوندل، بیٹیاں پروا اوندل اور راویل اوندل، جبکہ پروا اوندل کے دو کمسن بچے جاں بحق ہوگئے۔ عامر اوندل کی بڑی بیٹی بشریٰ اوندل تاحال لاپتا ہیں اور ریسکیو ٹیمیں ان کی تلاش میں مصروف ہیں۔

،تصویر کا ذریعہZeeshan Ondal،
عینی شاہدین کا موقف
ریستوران کے مالک اور عینی شاہد سعد کریم نے بتایا کہ معمول کے مطابق کشتی کو پہلے کنارے سے دھکا دے کر گہرے پانی میں لے جایا گیا تاکہ بعد میں انجن اسٹارٹ کیا جا سکے، تاہم انجن چل نہ سکا اور کشتی پانی کے تیز بہاؤ کے ساتھ اس مقام کی جانب بہنے لگی جہاں جھیل کا پانی دریائے ایشو میں گرتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ صورتحال خراب ہوتے ہی کشتی کے ڈرائیور نے مدد طلب کی، جس پر ایک امدادی لانچ فوری طور پر موقع پر پہنچی۔ امدادی عملے نے کشتی میں سوار افراد کو دوسری کشتی میں چھلانگ لگانے کا کہا، لیکن خوف اور پانی کے تیز بہاؤ کے باعث وہ ایسا نہ کر سکے۔
عینی شاہد کے مطابق عامر اوندل نے ایک لمحے کے لیے خود کو بچانے کی کوشش کی، مگر فوراً واپس پلٹ کر اپنے بچوں کے پاس آگئے اور انہیں اپنے بازوؤں میں سمیٹ لیا۔ چند ہی لمحوں بعد کشتی مکمل طور پر پانی میں ڈوب گئی۔
باپ کی کوششیں
ایک اور مقامی لانچ آپریٹر مصطفیٰ خان نے بھی بتایا کہ حادثے کے دوران عامر اوندل مسلسل اپنے بچوں کو بچانے کی کوشش کر رہے تھے، لیکن پانی کا بہاؤ اس قدر شدید تھا کہ کسی کو سنبھلنے کا موقع نہیں ملا۔
متوفی کے بھتیجے ذیشان اوندل نے بتایا کہ یہ خاندانی سفر امریکہ سے چھٹیاں گزارنے آنے والی بشریٰ اوندل کی خواہش پر ترتیب دیا گیا تھا تاکہ تمام اہلِ خانہ ایک ساتھ وقت گزار سکیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی نے تصور بھی نہیں کیا تھا کہ خوشیوں کے لیے کیا گیا یہ سفر ایک المناک سانحے میں بدل جائے گا۔
خراب کشتی میں سواری
ادھر واقعے کے حوالے سے تھانہ کالام میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق کشتی کا انجن خراب ہونے کے باوجود مسافروں کو کشتی میں بٹھایا گیا اور بعد میں انجن اسٹارٹ کرنے کی کوشش کی گئی، تاہم ڈرائیور کی مبینہ غفلت کے باعث کشتی الٹ گئی۔
مذید خبریں
لاہور: دو غیر ملکی خواتین کا اغوا اور زیادتی،ملزم ڈپٹی وزیر اعظم کا مبینہ رشتہ دار – urdureport.com
سور کا گوشت کھانے پر خاتون کے دماغ میں 32 کیڑوں کی پیدائش – urdureport.com
سوات پولیس کا کہنا ہے کہ نامزد ملزم کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ ریسکیو 1122 کی ٹیمیں لاپتا بشریٰ اوندل کی تلاش میں سرچ آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔
دوسری جانب جاں بحق ہونے والے خاندان کے چھ افراد کی نماز جنازہ اور تدفین لاہور میں کردی گئی، جہاں رشتہ داروں، دوستوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔


