اسلام آباد: وفاقی حکومت نے توشہ خانہ میں جمع کرائے گئے تازہ تحائف کی تفصیلات جاری کر دی ہیں، جن کے مطابق گزشتہ تین ماہ کے دوران صدر مملکت، وزیر اعظم، وفاقی وزرا اور دیگر اعلیٰ سرکاری شخصیات کو ملنے والے مجموعی طور پر 105 تحائف توشہ خانہ کے حوالے کیے گئے۔ ان تحائف میں رولیکس (Rolex)، پیٹک فلپ (Patek Philippe)، اومیگا (Omega)، آئی ڈبلیو سی (IWC)، ٹیگ ہوئیر (TAG Heuer) اور بلغاری (Bvlgari) جیسی معروف عالمی برانڈز کی قیمتی گھڑیاں بھی شامل ہیں۔
وزارت اطلاعات کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق حالیہ تین ماہ میں موصول ہونے والے تحائف کی تفصیلات عوام کے لیے جاری کی گئی ہیں، جبکہ کابینہ ڈویژن نے اپنی ویب سائٹ پر 2002 سے اب تک توشہ خانہ Toshakhana میں جمع ہونے والے تحائف کا ریکارڈ بھی اپ ڈیٹ کر دیا ہے۔
اس بار جاری کی گئی فہرست میں تحائف کی ممکنہ قیمت یا تحفہ دینے والی غیر ملکی شخصیات کے نام شامل نہیں کیے گئے۔ حکام کے مطابق ان تحائف کی جانچ اور تخمینہ لگانے کا عمل ابھی جاری ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ حکومت شفافیت کے اصول کے تحت توشہ خانہ میں جمع کرائے جانے والے تحائف کی تفصیلات باقاعدگی سے عوام کے سامنے پیش کرتی ہے۔ ان کے مطابق صدر، وزیر اعظم، نائب وزیر اعظم، وفاقی وزرا اور دیگر سرکاری حکام کو ملنے والے تمام جمع شدہ تحائف کی معلومات سرکاری پورٹل پر دستیاب ہیں، تاہم سفارتی آداب کے باعث تحائف دینے والے غیر ملکی معززین کی شناخت ظاہر نہیں کی جاتی۔
صدر مملکت کو ملنے والے تحائف
سرکاری ریکارڈ کے مطابق صدر آصف علی زرداری کو مختلف مواقع پر چائے کا سیٹ، رسمی تلوار، سنہری صحرا کا ماڈل، اونی اوورکوٹ، ویشرون کانسٹنٹن (Vacheron Constantin) کی گھڑی، شطرنج بورڈ، آرائشی پیالہ، آئل پینٹنگ اور دیگر سجاوٹی اشیا تحفے میں ملیں۔
مذید خبریں
توشہ خانہ ٹو کیس،عمران خان اور بشریٰ بی بی کو مجموعی طور پر 17،17 سال قید کی سزا – urdureport.com
عمران خان کی قید کے تین سال اور سابق وزرا اعظم کی جیل کہانیاں – urdureport.com

اسی دوران خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری اور بختاور بھٹو زرداری کو ہار، زیورات کے سیٹ اور دیگر قیمتی تحائف بھی موصول ہوئے۔
وزیر اعظم کو رولیکس اور پیٹک فلپ گھڑیاں
ریکارڈ کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کو مختلف غیر ملکی دوروں اور ملاقاتوں کے دوران متعدد یادگاری شیلڈز، پورٹریٹس، تلواریں، روایتی ملبوسات، سکے، قلم، کف لنکس اور دیگر تحائف دیے گئے۔
فہرست میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ وزیر اعظم کو دو رولیکس گھڑیاں اور ایک پیٹک فلپ گھڑی بھی تحفے میں ملی، جنہیں دیگر تحائف کے ساتھ توشہ خانہ میں جمع کرا دیا گیا۔
اسحاق ڈار اور دیگر حکام کو بھی قیمتی تحائف
نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کو مختلف سفارتی مواقع پر رولیکس گھڑی، چینی روایتی مہر، میانمار کا ثقافتی پتلا، گلدان، تمغہ، چرمی بیلٹ، مصری مجسمہ، قلم اور کف لنکس سمیت متعدد تحائف موصول ہوئے۔
وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ کو ازبکستان سے متعلق کتاب اور ٹی شرٹ جبکہ اقتصادی امور کے سیکریٹری ایم ہمایوں کریم کو اعلیٰ معیار کا بال پوائنٹ قلم تحفے میں دیا گیا۔
وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کو بھی ایک رولیکس گھڑی تحفے میں ملی، جسے سرکاری ریکارڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
دیگر شخصیات کو ملنے والے تحائف
توشہ خانہ ریکارڈ کے مطابق صدر مملکت کے فوجی سیکریٹری کو رولیکس گھڑی، چیف سکیورٹی افسر کو آئی ڈبلیو سی (IWC) اور ایئر اے ڈی سی کو اومیگا (Omega) گھڑی تحفے میں ملی۔ صدر کے پرنسپل سٹاف افسر اور ترجمان کو بھی ایک ایک گھڑی دی گئی۔
قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق کو بڑا سیرامک جار، سینیٹر سلیم مانڈوی والا کو بلغاری (Bvlgari) برانڈ کی گھڑی، چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد کو گھڑی اور انٹرپول کی یادگاری کتاب جبکہ ڈپٹی چیف آف سٹیٹ پروٹوکول حفیظ اللہ کو ٹیگ ہوئیر (TAG Heuer) گھڑی تحفے میں ملنے کا بھی ریکارڈ جاری کیا گیا ہے۔
کابینہ ڈویژن نے واضح کیا ہے کہ جاری کردہ معلومات متعلقہ اداروں اور حکام کی فراہم کردہ تفصیلات پر مبنی ہیں، جبکہ تحائف کی حتمی مالیت کا تعین جانچ پڑتال مکمل ہونے کے بعد کیا جائے گا۔


