اردو رپورٹ ڈیسک
ایمسٹرڈیم: ہاکی ورلڈ کپ 2026 کے اہم میچ میں ارجنٹینا نے بھارت کو 3-5 سے شکست دے کر بھارتی ٹیم کی سیمی فائنل تک رسائی کی امیدیں ختم کر دیں۔
دوسرے راؤنڈ کے پول ای کے اہم مقابلے میں ارجنٹینا نے میچ کے آغاز ہی سے بھارتی دفاع پر دباؤ برقرار رکھا اور ابتدائی لمحات میں دو گول کی برتری حاصل کر لی۔ بھارت نے واپسی کی کوشش کی، تاہم ارجنٹینا نے مضبوط کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے برتری برقرار رکھی۔
ارجنٹینا کی جانب سے خواکین توسکانی نے میچ کے پہلے ہی منٹ میں گول کر کے ٹیم کو برتری دلائی، جبکہ چھٹے منٹ میں نکولس ڈیلا ٹورے نے پینلٹی کارنر پر دوسرا گول کر دیا۔
بھارت کی جانب سے سکھجیت سنگھ نے 10ویں منٹ میں گول کر کے خسارہ کم کیا، لیکن تیسرے کوارٹر میں ٹامس ڈومینے نے 33ویں اور 45ویں منٹ میں دو گول کر کے ارجنٹینا کی برتری 1-4 کر دی۔
چوتھے کوارٹر میں لوکاس توسکانی نے 53ویں منٹ میں ارجنٹینا کا پانچواں گول کر دیا۔ بھارت نے آخری لمحات میں بھرپور مزاحمت کرتے ہوئے سکھجیت سنگھ کے 58ویں منٹ کے گول اور ہاردک سنگھ کے آخری منٹ میں پینلٹی اسٹروک پر کیے گئے گول کے ذریعے اسکور 3-5 کر دیا، تاہم بھارتی ٹیم میچ میں واپسی نہ کر سکی۔
بھارت سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر
شکست کے بعد بھارت کی 2026 ہاکی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچنے کی امیدیں ختم ہو گئیں۔ بھارتی ٹیم نے پول ای کے آخری میچ میں ارجنٹینا کے خلاف کامیابی حاصل نہ کر کے اگلے مرحلے میں جگہ بنانے کا موقع گنوا دیا۔
بھارت کے لیے ٹورنامنٹ کا سفر ابھی مکمل طور پر ختم نہیں ہوا تھا، کیونکہ ٹیم کو ساتویں یا آٹھویں پوزیشن کے لیے میچ کھیلنا تھا۔
پاکستان بھی ورلڈ کپ کی دوڑ سے باہر
پاکستان ہاکی ٹیم بھی پہلے ہی ورلڈ کپ کے اگلے مرحلے کی دوڑ سے باہر ہو چکی ہے۔ بھارت نے اس سے قبل پاکستان کو 5-3 سے شکست دے کر اگلے راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کیا تھا، جبکہ اس شکست کے ساتھ پاکستان کی ورلڈ کپ مہم بھی ابتدائی مرحلے میں ختم ہو گئی تھی۔
یوں دونوں روایتی حریف پاکستان اور بھارت ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل مرحلے تک رسائی حاصل کرنے میں ناکام رہے۔


