اردو رپورٹ ڈیسک
پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر محمد نواز شریف نے بیرسٹر سید افتخار علی گیلانی کو آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم کے عہدے کے لیے پارٹی کا امیدوار نامزد کر دیا ہے۔
افتخار گیلانی مسلم لیگ ن کی جانب سے وزارتِ عظمیٰ کے انتخاب کے لیے اپنے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائیں گے۔
کون ہیں افتخار گیلانی؟
بیرسٹر سید افتخار علی گیلانی آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے سابق رکن ہیں۔ 2026 کے آزاد کشمیر انتخابات میں انہوں نے مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر حلقہ ایل اے 29 مظفرآباد تھری سے انتخاب لڑا اور دوسرے نمبر پر رہے۔
بعد ازاں مسلم لیگ ن نے انہیں آزاد کشمیر اسمبلی کی ٹیکنوکریٹ نشست کے لیے نامزد کیا، جہاں وہ 24 اگست 2026 کو اس مخصوص نشست پر منتخب ہوگئے۔
27 اگست 2026 کو مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف نے انہیں آزاد کشمیر کے وزیراعظم کے لیے پارٹی امیدوار نامزد کیا۔ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی نئے وزیراعظم کا انتخاب 28 اگست 2026 کو کرے گی۔
PML-N President Muhammad Nawaz Sharif has nominated Barrister Syed Iftikhar Ali Gilani as the party’s candidate for Prime Minister of Azad Jammu and Kashmir. pic.twitter.com/m9jijv0XNR
— Urdu Report (@UrduReportpk) August 27, 2026
نواز شریف کی کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی ہدایت
نواز شریف نے بیرسٹر افتخار علی گیلانی کو وزیراعظم آزاد کشمیر کے انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔ مسلم لیگ ن کی جانب سے وہ وزارتِ عظمیٰ کے امیدوار کی حیثیت سے انتخاب میں حصہ لیں گے۔
مریم اورنگزیب نے نامزدگی کی تصدیق کر دی
مسلم لیگ ن کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے افتخار گیلانی کی نامزدگی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں وزیراعظم آزاد کشمیر نامزد کرنے کا فیصلہ نواز شریف کی منظوری سے کیا گیا۔
پارٹی ذرائع کے مطابق افتخار گیلانی اپنے کاغذات نامزدگی باضابطہ طور پر جمع کرائیں گے، جس کے بعد آزاد کشمیر اسمبلی میں قائدِ ایوان کے انتخاب کا مرحلہ مکمل کیا جائے گا۔


