اردو رپورٹ ڈیسک
نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے 18 سال سے زائد عمر کی ان خواتین کے لیے نئی سہولت کا اعلان کیا ہے جو پیدائشی سرٹیفکیٹ نہ ہونے کے باعث کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ حاصل نہیں کر پا رہی تھیں۔
نئی سہولت کے تحت 18 سال سے زائد عمر کی شادی شدہ خواتین کمپیوٹرائزڈ نکاح نامے کی بنیاد پر اپنا شناختی کارڈ بنوا سکیں گی۔
بائیومیٹرک تصدیق لازمی
شناختی کارڈ کے لیے درخواست دینے والی شادی شدہ خاتون کے ساتھ بائیومیٹرک تصدیق کے لیے اس کے شوہر یا والدین میں سے کسی ایک کا آنا ضروری ہوگا۔
اس سہولت کے ذریعے ایسی شادی شدہ خواتین کو شناختی کارڈ کے حصول میں آسانی فراہم کی گئی ہے جنہیں پیدائشی سرٹیفکیٹ نہ ہونے کی وجہ سے مشکلات کا سامنا تھا۔
غیر شادی شدہ خواتین کے لیے شرائط
نادرا نے 18 سال سے زائد عمر کی غیر شادی شدہ خواتین کے لیے بھی شناختی کارڈ کے حصول کی شرائط واضح کی ہیں۔
غیر شادی شدہ خاتون کے پاس والدین، بہن یا بھائی میں سے کسی ایک کا شناختی کارڈ ہونا ضروری ہوگا۔ بائیومیٹرک تصدیق کے لیے والدین، بہن یا بھائی میں سے متعلقہ فرد کا درخواست گزار کے ساتھ موجود ہونا بھی ضروری قرار دیا گیا ہے۔
نادرا کی جانب سے مقرر کردہ طریقہ کار کے تحت شادی شدہ اور غیر شادی شدہ خواتین کے لیے دستاویزات اور خاندانی تصدیق کی بنیاد پر الگ الگ سہولت فراہم کی گئی ہے۔

