اردوEnglish
منگل, 24 نومبر 2026
  • Home  
  • نئے فارمولے کے تحت پیٹرول 15 روپے فی لیٹر سستا ہونے کا امکان، وزیر پیٹرولیم
- بزنس

نئے فارمولے کے تحت پیٹرول 15 روپے فی لیٹر سستا ہونے کا امکان، وزیر پیٹرولیم

وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کا کہنا ہے کہ آئل ریفائنریز کے تعاون سے پیٹرول کی قیمت میں 15 روپے فی لیٹر کمی ممکن ہے۔ اس حوالے سے ریفائنریز کے ساتھ منگل کو اہم اجلاس ہوگا۔

اردو رپورٹ ڈیسک

پاکستان میں پیٹرول کی قیمت میں 15 روپے فی لیٹر تک کمی کا امکان پیدا ہوگیا ہے۔ وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ حکومت نئے فارمولے کے تحت عوام کو پیٹرول سستا فراہم کرنے کے لیے آئل ریفائنریز کا تعاون حاصل کرنا چاہتی ہے۔

پیر کو اسلام آباد میں وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے علی پرویز ملک نے کہا کہ عالمی سطح پر توانائی کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات پاکستانی معیشت پر بھی مرتب ہوئے ہیں، جبکہ خطے کی صورت حال کے باعث نقل و حمل کے اخراجات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

عوام کو ریلیف دینا حکومت کی ترجیح

وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا وزیراعظم کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ حکومت نے عوام کو مہنگائی کے اثرات سے بچانے کے لیے فیول سبسڈی اسکیم شروع کی ہے، جس سے لاکھوں افراد فائدہ اٹھا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مشکل معاشی صورت حال میں عوام کو ریلیف دینے کے لیے آئل ریفائنریز سے بھی تعاون کی درخواست کی گئی ہے۔ ریفائنریز کے تعاون سے پیٹرول 15 روپے فی لیٹر سستا فراہم کرنا ممکن ہوسکتا ہے۔

علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ حکومت عوام پر پیٹرول کی قیمتوں میں مزید 15 روپے فی لیٹر کا بوجھ نہیں ڈالنا چاہتی۔ نئے فارمولے پر شفاف انداز میں پیش رفت کی جائے گی اور عوامی مفاد کو ہر صورت مدنظر رکھا جائے گا۔

آئل ریفائنریز کے ساتھ منگل کو اہم اجلاس

وفاقی وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ آئل ریفائنریز کے منافع کے ساتھ عوام کو بھی ریلیف ملنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ صارفین کے مفادات کے تحفظ کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ڈی ریگولیشن کے حامی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ مشکل صورت حال سے نکلنے کے بعد حکومت ڈی ریگولیشن کی طرف بڑھنا چاہتی ہے۔ اس حوالے سے آئل ریفائنریز کے ساتھ منگل کو ہونے والے اجلاس میں تمام امور پر تفصیلی گفتگو ہوگی۔

علی پرویز ملک نے دعویٰ کیا کہ آئل ریفائنریز نے گزشتہ تین ماہ کے دوران اتنا منافع کمایا ہے جو گزشتہ کئی برسوں میں حاصل نہیں ہوا تھا۔ ان کے مطابق ریفائنریز کا تین ماہ کا منافع پورے ایک سال کے منافع سے بھی زیادہ رہا۔

پیٹرولیم مصنوعات کی مسلسل فراہمی یقینی بنانے کا عزم

وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ خطے میں شدید جنگ جاری ہے، تاہم حکومت ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی مسلسل فراہمی یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوامی مفادات کے تحفظ کے لیے تمام متعلقہ فریقوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ حکومت اجتماعی کوششوں کے ذریعے آگے بڑھے گی اور کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونے دی جائے گی۔

ایل پی جی کی قیمت 600 روپے ناجائز ہے، کارروائی کا اعلان

علی پرویز ملک نے ایل پی جی کی 600 روپے قیمت کو ناجائز قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کے خلاف اقدامات کیے جائیں گے۔

انہوں نے وضاحت کی کہ جس جہاز پر حملہ ہوا تھا، وہ ایل پی جی نہیں بلکہ مائع قدرتی گیس (ایل این جی) لے کر جارہا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایل این جی کی فراہمی برقرار رکھنے کے لیے متبادل راستوں پر بھی کام کیا جارہا ہے۔

وفاقی وزیر کے مطابق مہنگی ایل این جی فروخت کرنے والوں کے خلاف آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) اور صوبائی حکومتیں کارروائی کررہی ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ عوام کو گیس کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

فیول سبسڈی اسکیم کے تحت 27 ارب روپے کا ریلیف

اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم کا مشن عوام پر مہنگائی کا کم سے کم بوجھ منتقل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے کی صورت حال کے باعث پاکستان کی معیشت بھی متاثر ہوئی ہے، جس طرح دنیا کے دیگر ممالک متاثر ہوئے ہیں۔

عطا اللہ تارڑ نے بتایا کہ حکومت نے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے فیول سبسڈی اسکیم شروع کی، جس میں موٹر سائیکلوں، چنگ چی رکشوں اور چھوٹی گاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب تک ڈیڑھ کروڑ سے زائد افراد اس اسکیم سے فائدہ اٹھا چکے ہیں، جبکہ اسکیم کے تحت مجموعی طور پر 27 ارب روپے کا ریلیف فراہم کیا جاچکا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات کے مطابق فیول سبسڈی اسکیم پر عمل درآمد کے لیے متعلقہ سرکاری محکموں نے مشترکہ اقدامات کیے، جبکہ حکومتی حکمت عملی کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافے کو بھی روکا گیا۔

urdureport.com@2025. All Rights Reserved

Your license hasn’t been activated yet. Activate it now!