اردو رپورٹ ڈیسک
سیالکوٹ میں شادی کی تقریب کے دوران بھگدڑ مچنے سے ہونے والی ہلاکتوں کے بعد روپوش ٹک ٹاکر انصر محمود عرف مسٹر پتلو کا پہلا ویڈیو بیان سامنے آگیا ہے، جس میں انہوں نے خود کو واقعے سے بری الذمہ قرار دیتے ہوئے اعلیٰ حکام سے معاملے کی شفاف تحقیقات کرانے کی اپیل کی ہے۔
اپنے ویڈیو پیغام میں مسٹر پتلو نے کہا کہ حادثے کے وقت وہ اسپتال میں زیر علاج تھے اور کمر کی تکلیف کے باعث چلنے پھرنے سے بھی قاصر ہیں۔ انہوں نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت اور زخمیوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں بھی اس سانحے کا اتنا ہی دکھ ہے۔
انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور فیلڈ مارشل عاصم منیر سے اپیل کی کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کرائی جائیں اور انہیں بلاوجہ ذمہ دار نہ ٹھہرایا جائے۔
مسٹر پتلو نے خود کو بے قصور قرار دے دیا
انصر محمود نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ وہ انتہائی مشکل حالت میں یہ پیغام ریکارڈ کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق ان کی شادی کی تقریبات 5، 6 اور 7 نومبر کو ہونا تھیں، جن میں مہندی، بارات اور ولیمے کی تقریبات شامل تھیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے عوام کی مدد کے لیے یہ تقریب منعقد کی تھی، جس کا مقصد غریب بچیوں کی شادیوں میں تعاون، مستحق افراد میں راشن اور تحائف تقسیم کرنا تھا۔
مسٹر پتلو کے مطابق تقریب میں شرکت کرنے والوں کی حفاظت کے حوالے سے انہوں نے 10 سے 15 روز پہلے ویڈیو بھی جاری کی تھی، جس میں لوگوں کو اپنے سامان کی حفاظت کرنے، ایک دوسرے کو دھکا نہ دینے اور قطاروں کا خیال رکھنے کی ہدایت کی گئی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ تقریب کے لیے باقاعدہ این او سی بھی حاصل کیا گیا تھا۔
حادثے سے ایک روز قبل کمر کی تکلیف کا دعویٰ
مسٹر پتلو نے بتایا کہ تقریب سے ایک روز قبل وہ اسی گراؤنڈ میں موجود تھے جہاں کرکٹ کھیلتے ہوئے ان کی کمر کی ڈسک متاثر ہوگئی۔
ان کے مطابق وہ شدید تکلیف کے باعث زمین پر گر گئے تھے اور چار افراد نے انہیں اٹھا کر گاڑی میں اسپتال پہنچایا۔ بعدازاں وہ علاج کے لیے بشیر اسپتال گئے جہاں ان کا ایم آر آئی بھی کیا گیا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ اگلی صبح انہیں اسپتال میں بتایا گیا کہ تقریب کے دوران بھگدڑ مچنے سے جانی نقصان ہوا ہے، جس کے بعد انہوں نے پروگرام منسوخ کرنے کا اعلان کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ واقعے کے وقت وہ گراؤنڈ میں موجود نہیں تھے اور اس حوالے سے اسپتال کا ریکارڈ اور سی سی ٹی وی فوٹیج چیک کی جاسکتی ہے۔
ایف آئی آر اور روپوش ہونے کی وضاحت
انصر محمود نے کہا کہ گزشتہ دو روز سے وہ منظرعام پر نہیں آئے اور خود بھی سمجھ نہیں پا رہے کہ اس صورت حال کا سامنا کیسے کریں۔
ان کے مطابق ایف آئی آر میں انہیں اسٹیڈیم میں موجود دکھایا گیا ہے، حالانکہ ان کا دعویٰ ہے کہ وہ اس وقت اسپتال میں ایم آر آئی کروا رہے تھے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ پولیس سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ اور دیگر شواہد کی بنیاد پر تحقیقات کرے تاکہ حقیقت سامنے آسکے۔
مسٹر پتلو نے یہ بھی کہا کہ واقعے کے بعد لوگوں کی بڑی تعداد ان کے گھر اور فارم ہاؤس پہنچ گئی، جہاں سامان بکھر گیا، تاہم پولیس نے موقع پر پہنچ کر صورت حال سنبھالی، جس پر وہ پولیس کے شکر گزار ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز اور فیلڈ مارشل عاصم منیر سے اپیل
ٹک ٹاکر نے اپنے بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور فیلڈ مارشل عاصم منیر سے اپیل کی کہ واقعے کو حادثے کے تناظر میں دیکھا جائے اور تحقیقات کے بغیر انہیں قصوروار نہ ٹھہرایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ وہ ایک غریب گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں اور عوام کے ساتھ اپنی خوشیاں بانٹنا چاہتے تھے۔ ان کے مطابق تقریب میں پاکستان کے چار قومی پرچم لگائے گئے تھے اور پروگرام کا آغاز قومی ترانے سے کرنے کا منصوبہ تھا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ شادی پر ملنے والی سلامیاں اور تحائف بھی انہوں نے عوام میں تقسیم کرنے کا ارادہ کیا تھا۔
خودکشی کے خیالات کا اظہار
مسٹر پتلو نے ویڈیو بیان میں اپنی ذہنی اور جسمانی حالت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ شدید تکلیف میں ہیں اور واش روم جانے کے لیے بھی زمین کا سہارا لینا پڑتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس مشکل وقت میں ان کے بہت سے ہمدرد اور دوست بھی انہیں چھوڑ گئے ہیں۔ ان کے بقول، اگر ان کی مزید کوئی ویڈیو سامنے نہ آئے تو اسے ان کا آخری پیغام سمجھا جائے۔
انہوں نے متعدد مرتبہ خودکشی کے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ واقعے کے بعد ان کی زندگی بدل گئی ہے اور وہ شدید صدمے سے دوچار ہیں۔
سیالکوٹ بھگدڑ کا واقعہ کیا تھا؟
واضح رہے کہ سیالکوٹ کے ڈسکہ روڈ پر واقع فراز اسپورٹس اسٹیڈیم میں مسٹر پتلو کی مہندی کی تقریب کے دوران بھگدڑ مچنے سے ابتدائی طور پر دو افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔ بعدازاں زخمیوں میں شامل ریحان نامی شخص بھی لاہور کے اسپتال میں دم توڑ گیا تھا۔
پولیس کے مطابق مسٹر پتلو نے سوشل میڈیا پر اعلان کیا تھا کہ تقریب میں عام لوگوں کے لیے 2 کروڑ روپے نقد، ایک گاڑی، 50 موٹر سائیکلیں، موبائل فونز اور دیگر قیمتی تحائف تقسیم کیے جائیں گے۔
اس اعلان کے بعد سیالکوٹ کے علاوہ گوجرانوالہ، گجرات، وزیرآباد، منڈی بہاؤالدین اور نارووال سے بھی بڑی تعداد میں لوگ اسٹیڈیم پہنچ گئے تھے۔
پولیس ایف آئی آر اور انتظامیہ کا مؤقف
پولیس کی ایف آئی آر کے مطابق تقریب کے دوران لوگوں کو بیک وقت گراؤنڈ میں داخل ہونے کا کہا گیا، جس کے نتیجے میں بھگدڑ مچی اور ایک شخص موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔
واقعے کے دوران سکیورٹی گارڈز کی جانب سے لاٹھی چارج اور لوگوں کو پیچھے دھکیلنے کی ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر سامنے آئی تھیں۔ بعض عینی شاہدین نے الزام عائد کیا تھا کہ انتظامات میں مناسب منصوبہ بندی نہ ہونے اور متضاد اعلانات کے باعث صورت حال خراب ہوئی۔
واقعے کے بعد پولیس نے مسٹر پتلو سمیت 9 نامزد اور 45 نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔ مقدمے میں قتل بالسبب، سرکاری احکامات کی خلاف ورزی، توڑ پھوڑ اور غیر قانونی اجتماع سمیت مختلف دفعات شامل کی گئی تھیں۔ پولیس نے 6 افراد کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے دیگر ملزمان کی تلاش جاری رکھنے کا بتایا تھا۔
دوسری جانب ضلعی انتظامیہ کے مطابق تقریب کے لیے چار دیواری کے اندر نجی فنکشن اور محفل سماع کے انعقاد کا این او سی جاری کیا گیا تھا، تاہم شرائط کی خلاف ورزی کی اطلاعات ملنے پر ڈپٹی کمشنر نے پروگرام شروع ہونے سے پہلے ہی اجازت نامہ منسوخ کردیا تھا۔
انتظامیہ کا کہنا تھا کہ تقریب کا وقت نماز عشا کے بعد مقرر تھا، لیکن منتظمین نے شام تقریباً 4 بجے ہی انتظامی شرائط کی خلاف ورزی شروع کردی تھی۔
خواجہ آصف کی جانب سے بھی تنقید
وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھی واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر الزام عائد کیا تھا کہ ٹک ٹاکر اپنے اثر و رسوخ کے ذریعے قانون کو غیر مؤثر بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔
ان کے مطابق انعامات کے ذریعے لوگوں کو جمع کرنا سوشل میڈیا پر آمدن حاصل کرنے کی حکمت عملی تھی، تاہم اس واقعے میں انسانی جانوں کا نقصان ہوا۔
کون ہیں ٹک ٹاکر مسٹر پتلو؟
مسٹر پتلو کا اصل نام انصر محمود ہے اور ان کا تعلق ضلع سیالکوٹ کی تحصیل پسرور کے گاؤں سیدے والی سے ہے۔
وہ ٹک ٹاک پر براہ راست نشریات اور لوگوں سے گفتگو کے ذریعے شہرت حاصل کرچکے ہیں۔ اپنے انٹرویوز میں وہ ماضی کی مالی مشکلات، مزدوری کرنے اور رکشا چلانے کے تجربات کا بھی ذکر کرچکے ہیں۔


