اردو رپورٹ ڈیسک
امریکا کے وسط مدتی انتخابات میں ڈیموکریٹک پارٹی نے ری پبلکنز کو بڑا دھچکا دیتے ہوئے نارتھ کیرولائنا میں سینیٹ کی اہم نشست جیت لی ہے۔ انتخابی اندازوں کے مطابق ڈیموکریٹ امیدوار رائے کوپر نے ری پبلکن امیدوار مائیکل واٹلی کو شکست دے دی ہے۔ اس کامیابی کے ساتھ ڈیموکریٹس نے سینیٹ کا کنٹرول حاصل کرنے کے لیے درکار چار نشستوں میں سے پہلی نشست اپنے نام کرلی ہے۔
امریکی ریاستوں میں انتخابی نتائج سامنے آنے کا سلسلہ جاری ہے۔ 25 ریاستوں اور دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں پولنگ کا وقت ختم ہوچکا ہے، جبکہ دیگر ریاستوں میں ووٹنگ جاری ہے۔ ان انتخابات کو صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دوسری مدتِ صدارت کی کارکردگی پر عوامی رائے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
نارتھ کیرولائنا میں ڈیموکریٹس کی اہم کامیابی
امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے انتخابی تجزیاتی ادارے ڈسیژن ڈیسک اور ایسوسی ایٹڈ پریس نے نارتھ کیرولائنا سے ڈیموکریٹ امیدوار رائے کوپر کی کامیابی کی پیش گوئی کی ہے۔
رائے کوپر اس سے قبل نارتھ کیرولائنا کے گورنر رہ چکے ہیں۔ انہوں نے ری پبلکن امیدوار مائیکل واٹلی کو شکست دی۔ یہ نشست اس سے قبل ری پبلکن پارٹی کے پاس تھی اور تھامس ٹلس اس نشست پر منتخب ہوئے تھے۔
ورجینیا اور جارجیا میں ڈیموکریٹس کی نشستیں برقرار
ریاست ورجینیا سے ڈیموکریٹ امیدوار مارک وارنر چوتھی مرتبہ سینیٹر منتخب ہوئے ہیں۔ انہوں نے ری پبلکن امیدوار برٹ میزوساوا کو شکست دی، جو امریکی فوج کے ریٹائرڈ میجر جنرل اور افغانستان جنگ میں خدمات انجام دے چکے ہیں۔
مارک وارنر اس سے قبل ورجینیا کے گورنر بھی رہ چکے ہیں اور 2008 میں پہلی مرتبہ سینیٹ کے رکن منتخب ہوئے تھے۔ وہ سینیٹ کی انٹیلی جنس کمیٹی کے نائب چیئرمین بھی ہیں اور ان آٹھ امریکی قانون سازوں میں شامل تھے جنہیں ایران کے خلاف جنگ شروع کیے جانے کے بارے میں بریفنگ دی گئی تھی۔
دوسری جانب ریاست جارجیا سے ڈیموکریٹ سینیٹر جون اوسوف نے ری پبلکن امیدوار مائیک کولنز کو شکست دے کر اپنی نشست برقرار رکھی ہے۔ مائیک کولنز کو 2028 کے صدارتی انتخابات کے ممکنہ امیدواروں میں بھی شمار کیا جا رہا ہے۔
اسی طرح فلوریڈا سے ڈیموکریٹ امیدوار ڈیبی واسرمین شلٹز ایک بار پھر ایوانِ نمائندگان کی رکن منتخب ہوگئی ہیں۔
سینیٹ اور ایوانِ نمائندگان کی نشستوں پر مقابلہ
امریکی وسط مدتی انتخابات میں ایوانِ نمائندگان کی تمام 435 نشستوں پر ووٹنگ ہو رہی ہے، جبکہ سینیٹ کی 100 میں سے 35 نشستوں کے لیے بھی انتخابی مقابلہ جاری ہے۔ اس کے علاوہ 36 ریاستوں میں نئے گورنرز کے انتخاب کے لیے ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔
امریکی کانگریس سینیٹ اور ایوانِ نمائندگان پر مشتمل ہے۔ انتخابات سے قبل ری پبلکن پارٹی کو دونوں ایوانوں میں معمولی اکثریت حاصل تھی۔
سینیٹ میں اکثریت کے لیے کسی بھی جماعت کو 51 نشستیں درکار ہیں۔ انتخابات سے قبل ری پبلکنز کے پاس 53، ڈیموکریٹس کے پاس 45 جبکہ آزاد سینیٹرز کی تعداد 2 تھی۔
سینیٹ کی 35 نشستوں پر سخت مقابلے کی توقع ہے، خصوصاً کنساس، ٹیکساس، آئیووا، اوہائیو اور الاسکا جیسی ریاستوں میں، جہاں روایتی طور پر ری پبلکنز کی پوزیشن مضبوط رہی ہے۔
ڈیموکریٹس کی اکثریت سے متعلق انتخابی پیش گوئیاں
انتخابی تجزیاتی ادارے ڈسیژن ڈیسک ایچ کیو کے اندازوں کے مطابق ڈیموکریٹس سینیٹ میں 52 جبکہ ری پبلکنز 48 نشستیں حاصل کرسکتے ہیں۔
دوسری جانب ایوانِ نمائندگان میں اکثریت کے لیے 218 نشستیں درکار ہیں۔ انتخابات سے قبل ری پبلکنز کے پاس 218 جبکہ ڈیموکریٹس کے پاس 212 نشستیں تھیں۔
ڈسیژن ڈیسک ایچ کیو کی پیش گوئی کے مطابق ڈیموکریٹس کو ایوانِ نمائندگان میں 241 جبکہ ری پبلکنز کو 194 نشستیں ملنے کا امکان ہے۔
وسط مدتی انتخابات میں حکومتی جماعت کو نقصان کا خدشہ
امریکی تاریخ میں وسط مدتی انتخابات کے دوران عموماً برسرِ اقتدار صدر کی جماعت کو نقصان اٹھانا پڑتا ہے۔ دوسری عالمی جنگ کے بعد اب تک صرف دو مرتبہ ایسا ہوا ہے کہ حکمران جماعت کانگریس میں اپنی پوزیشن برقرار رکھنے یا بہتر بنانے میں کامیاب ہوئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مقبولیت بھی کم ترین سطح پر پہنچ چکی ہے۔ ایران جنگ اور اس کے نتیجے میں ایندھن کی قیمتوں میں اضافے پر امریکی ووٹرز کی ناراضی کو ان کی مقبولیت میں کمی کی ایک وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔
انتخابی نتائج آئندہ دو برس کے دوران وائٹ ہاؤس اور کانگریس کے تعلقات پر بھی اثر انداز ہوں گے۔ اگر ڈیموکریٹس کسی ایک یا دونوں ایوانوں میں اکثریت حاصل کرلیتے ہیں تو ٹرمپ انتظامیہ کے لیے قانون سازی، وفاقی بجٹ کی منظوری اور حکومتی پالیسیوں پر عمل درآمد مشکل ہوسکتا ہے۔
اس کے برعکس اگر ری پبلکنز دونوں ایوانوں میں اپنی اکثریت برقرار رکھنے میں کامیاب رہے تو صدر ٹرمپ کو اپنے حکومتی ایجنڈے پر عمل درآمد میں کانگریس کی حمایت حاصل رہے گی۔
قبل از وقت ووٹنگ میں 5 کروڑ 87 لاکھ سے زائد ووٹرز کی شرکت
حالیہ انتخابات میں عوامی شرکت کے حوالے سے بھی نئے ریکارڈ سامنے آئے ہیں۔ پولنگ کے باقاعدہ دن سے پہلے ہی 5 کروڑ 87 لاکھ سے زائد امریکی شہری اپنا حقِ رائے دہی استعمال کرچکے تھے۔
ان میں سے تقریباً 3 کروڑ 19 لاکھ افراد نے پولنگ مراکز پر ووٹ ڈالا، جبکہ 2 کروڑ 68 لاکھ شہریوں نے ڈاک کے ذریعے اپنے ووٹ بھیجے۔
امریکی ووٹرز پولنگ مراکز، ڈاک کے ذریعے یا قبل از وقت ووٹنگ کے تحت اپنے نمائندوں کا انتخاب کرتے ہیں۔ تاہم صدارتی انتخابات کے مقابلے میں وسط مدتی انتخابات میں ووٹرز کی شرکت عموماً کم رہتی ہے۔
2018 کے وسط مدتی انتخابات میں تقریباً 50 فیصد اہل ووٹرز نے ووٹ ڈالا تھا، جو ایک صدی سے زائد عرصے میں سب سے زیادہ شرح تھی، جبکہ 2022 میں ووٹرز کی شرکت 46 فیصد سے کچھ زیادہ رہی تھی۔
حالیہ انتخابات میں قبل از وقت ووٹ ڈالنے والوں کی تعداد 2022 کے مقابلے میں تقریباً ایک کروڑ 27 لاکھ زیادہ ہے۔
انتخابی مہم پر 11 ارب ڈالر سے زائد اخراجات
حالیہ انتخابات کی ایک نمایاں بات سیاسی اشتہارات پر ہونے والے اخراجات بھی ہیں۔ انتخابی مہم پر 11 ارب ڈالر سے زائد رقم خرچ کی گئی۔
صدر ٹرمپ کے قریبی اتحادی اور دنیا کے امیر ترین افراد میں شامل ایلون مسک بھی ری پبلکن امیدواروں کی حمایت میں کروڑوں ڈالر خرچ کرنے والوں میں شامل ہیں۔
امریکی محکمہ انصاف نے منگل کو اعلان کیا تھا کہ وہ ملک کی تمام 50 ریاستوں میں ایک ہزار انتخابی مبصرین اور نگران تعینات کر رہا ہے۔ محکمے کے مطابق امریکی تاریخ میں انتخابات کے روز نگرانی کا یہ سب سے بڑا منصوبہ ہے۔ تاہم ڈیموکریٹس نے اس اقدام کو ووٹرز کو خوف زدہ کرنے کی ممکنہ کوشش قرار دیتے ہوئے تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
انتخابی نتائج تسلیم کرنے سے متعلق خدشات
پولنگ ختم ہونے اور نتائج سامنے آنے کے ساتھ یہ سوال بھی اہمیت اختیار کرگیا ہے کہ شکست کی صورت میں کیا ری پبلکن پارٹی انتخابی نتائج تسلیم کرے گی؟
صدر ڈونلڈ ٹرمپ 2020 کے صدارتی انتخابات میں اپنی شکست تسلیم کرنے سے انکار اور نتائج تبدیل کرانے کی کوشش کرچکے ہیں۔ وہ متعدد مرتبہ امریکی انتخابات میں بڑے پیمانے پر دھاندلی کے الزامات بھی عائد کرتے رہے ہیں، تاہم ڈیموکریٹس پر انتخابی بے ضابطگیوں کے ان الزامات کے حق میں ثبوت فراہم نہیں کیے گئے۔
صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر ری پبلکن پارٹی کانگریس کا کنٹرول کھو دیتی ہے تو وہ ڈیموکریٹس کی جانب سے پیش کیے جانے والے قانون سازی کے اقدامات کی مخالفت کریں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ ہر چیز ویٹو کردیں گے۔
اکتوبر کے آغاز سے صدر ٹرمپ نے اپنے ووٹرز کو متحرک رکھنے کے لیے دو درجن سے زائد انتخابی جلسے کیے، جن میں سے زیادہ تر ان ریاستوں میں منعقد ہوئے جہاں انہوں نے 2024 کے صدارتی انتخابات میں کامیابی حاصل کی تھی۔
ری پبلکن رہنماؤں نے انتخابی مہم کے دوران ڈیموکریٹ امیدواروں کو انتہا پسند، غیر امریکی اور کمیونسٹ قرار دے کر تنقید کا نشانہ بنایا۔
مشی گن میں عبدل السید کی کامیابی پر نظریں
مشی گن میں سینیٹ کی نشست کے لیے 42 سالہ ڈیموکریٹ امیدوار عبدل السید اور 63 سالہ ری پبلکن امیدوار مائیک راجرز کے درمیان مقابلہ بھی خصوصی اہمیت اختیار کرگیا ہے۔
اگر عبدل السید کامیاب ہوگئے تو وہ امریکی تاریخ کے پہلے مسلمان سینیٹر ہوں گے۔ انتخابی مہم کے دوران ان کی مذہبی شناخت بھی موضوعِ بحث رہی ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ڈیموکریٹ جماعت سے تعلق رکھنے والی رکنِ کانگریس ہیلی اسٹیونز نے انتخابی مہم کے آخری مرحلے میں عبدل السید کے بجائے ری پبلکن امیدوار مائیک راجرز کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔
وسط مدتی انتخابات کے حتمی نتائج نہ صرف امریکی کانگریس میں سیاسی طاقت کا توازن تبدیل کرسکتے ہیں بلکہ آئندہ دو برس کے دوران صدر ٹرمپ اور کانگریس کے درمیان تعلقات کی سمت بھی متعین کریں گے۔


