اردو رپورٹ ڈیسک
اسلام آباد میں جعلی ویکسین لگانے کے مبینہ کاروبار کا انکشاف ہوا ہے، جہاں محکمہ صحت کے حکام نے معروف نجی لیبارٹری کے چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر نصیر احمد سمیت تین افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔
حکام کے مطابق ملزمان پر مریضوں کو مبینہ طور پر جعلی انفلوویک ٹیٹرا (Influvac Tetra) ویکسین لگانے کا الزام ہے۔
رپورٹ کے مطابق وزارت قومی صحت کے ترجمان کے مطابق ایک شہری کی شکایت پر ڈرگ کنٹرول اسلام آباد نے ایکسل ڈائیگناسٹک لیبارٹری پر چھاپہ مارا۔
چھاپے کے دوران 27 مشتبہ جعلی ویکسین برآمد
چیف ڈرگ انسپکٹر سردار شبیر کی سربراہی میں کی گئی کارروائی کے دوران 27 مشتبہ جعلی ویکسین انجکشن اور متعلقہ ریکارڈ قبضے میں لے لیا گیا۔
حکام کے مطابق موجودہ سال کے دوران یہ ویکسین پاکستان درآمد ہی نہیں کی گئی تھی۔ اس کے بیچ نمبر کو ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری پہلے ہی جعلی قرار دے چکی تھی، جبکہ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان (ڈریپ) بھی اس حوالے سے فوری انتباہ جاری کرچکی تھی۔
لیبارٹری کے سی ای او سمیت تین افراد گرفتار
گرفتار ہونے والوں میں ایکسل ڈائیگناسٹک لیبارٹری کے چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر نصیر احمد، منیجر بلال عباسی اور شیر دل شامل ہیں۔
کارروائی کے دوران لیبارٹری انتظامیہ کی جانب سے مزاحمت کیے جانے پر وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے بھی ڈرگ کنٹرول ٹیم کی معاونت کی۔
حکام نے مبینہ جعلی ویکسین کے کاروبار میں ملوث دیگر افراد کی نشاندہی کے لیے مزید تحقیقات شروع کردی ہیں۔
انفلوویک ویکسین کس مقصد کے لیے استعمال ہوتی ہے؟
انفلوویک ویکسین انفلوئنزا یعنی فلو سے بچاؤ کے لیے استعمال کی جاتی ہے۔ یہ انسانی جسم میں انفلوئنزا وائرس کے خلاف مدافعتی مادے (اینٹی باڈیز) پیدا کرنے میں مدد دیتی ہے۔
وفاقی وزیر صحت کا سخت کارروائی کا حکم
وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے ڈرگ کنٹرول ٹیم کی کارروائی کو سراہتے ہوئے متعلقہ حکام کو ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ عوامی صحت کو خطرے میں ڈالنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
وفاقی وزیر نے جعلی ادویات کے خاتمے کے لیے وزارت صحت کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

