اردو رپورٹ ڈیسک
وفاقی حکومت نے مزید 4 لاکھ ٹن چینی برآمد کرنے کی منظوری دے دی ہے، جس کے بعد مقامی طور پر تیار کردہ چینی کی برآمد کے لیے منظور شدہ مجموعی مقدار 6 لاکھ ٹن ہوگئی ہے۔
کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے جمعے کو وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں اس فیصلے کی منظوری دی۔ حکومت اس سے قبل 2 لاکھ ٹن چینی برآمد کرنے کی اجازت دے چکی تھی۔
چینی کی برآمد کی تیسری منظوری
منظور شدہ مقدار 4 لاکھ 16 ہزار ٹن ہے، جس میں سندھ کے لیے اضافی 16 ہزار ٹن کا کوٹہ بھی شامل ہے۔ گزشتہ چار ماہ کے دوران چینی برآمد کرنے کی یہ تیسری اجازت ہے۔
اس فیصلے کے بعد رواں سیزن میں چینی کی برآمد کے لیے منظور شدہ مجموعی مقدار 7 لاکھ 24 ہزار ٹن ہوگئی ہے۔ اس میں اگست میں برآمد کے لیے منظور کی گئی درآمدی چینی کے ایک لاکھ 8 ہزار ٹن بھی شامل ہیں۔
حکومت کا ملک میں چینی کی قلت نہ ہونے کا دعویٰ
وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ رانا تنویر حسین نے اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گنے کی کرشنگ کا سیزن شروع ہونے والا ہے اور ملک میں چینی کی کوئی قلت نہیں۔
یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حکومت کی جانب سے اضافی چینی کے 6 لاکھ ٹن ذخیرے کی برآمد کی تجویز منظور کیے جانے کی اطلاعات بھی سامنے آئی تھیں۔
چینی ملوں کا دعویٰ ہے کہ ان کے پاس تقریباً 13 لاکھ ٹن اضافی ذخیرہ موجود ہے۔ ملوں کی جانب سے کرشنگ سیزن شروع کرنے میں تاخیر بھی کی جا رہی تھی۔

