اردو رپورٹ ڈیسک
قومی سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے پاکستان میں آن لائن جوئے کے خلاف اب تک کی بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایک منظم نیٹ ورک کا سراغ لگا لیا ہے، جس کی مجموعی مالی سرگرمیوں کا حجم ایک ہزار ارب روپے تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ایک رپورٹ کے مطابق کارروائی کے دوران 5 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے، جبکہ تحقیقات میں 240 ارب روپے کی مشتبہ مالی لین دین کا انکشاف ہوا ہے۔ حکام نے 70 لاکھ ڈالر مالیت کے یو ایس ڈی ٹی کرپٹو اثاثے اور ایک ارب روپے کے نقد و دیگر اثاثے بھی منجمد کیے ہیں۔
تحقیقات میں 240 ارب روپے کی مشتبہ لین دین سامنے آگئی
این سی سی آئی اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر شہزاد اکبر نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ تحقیقات کا آغاز اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے موصول ہونے والی رپورٹس کی بنیاد پر ہوا تھا۔
ابتدائی طور پر 6 ارب 15 کروڑ روپے کی مشتبہ مالی لین دین کی نشاندہی ہوئی، تاہم مزید تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ مشکوک اکاؤنٹس میں آنے والی مجموعی رقم 240 ارب روپے تک پہنچ چکی ہے۔
ان کے مطابق اس نیٹ ورک کی مجموعی مالی سرگرمیوں کا حجم ایک ہزار ارب روپے تک ہو سکتا ہے۔
38 بینک اکاؤنٹس اور 40 افراد کی نشاندہی
شہزاد اکبر کے مطابق تحقیقات کے دوران جوئے کے نیٹ ورک سے مبینہ طور پر منسلک 38 بینک اکاؤنٹس اور 40 افراد کی نشاندہی کی گئی ہے، جبکہ 38 کمپنیوں کے ممکنہ کردار کی بھی تحقیقات جاری ہیں۔
یہ نیٹ ورک مختلف موبائل جوئے کی ایپلی کیشنز کے ذریعے کام کرتا تھا، جہاں صارفین موبائل اکاؤنٹس کے ذریعے رقم جمع کرا کے شرطیں لگاتے تھے۔
تحقیقاتی حکام کے مطابق صارفین کو ابتدا میں منافع دیا جاتا تھا تاکہ وہ مزید رقم لگانے اور جوئے کا سلسلہ جاری رکھنے پر آمادہ ہوں، تاہم بعد میں ان کی جمع کرائی گئی رقم ہڑپ کرلی جاتی تھی۔
رقم کی تقسیم اور نیٹ ورک کا طریقہ کار
تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ جوئے سے حاصل ہونے والی رقم مختلف اکاؤنٹس کے ذریعے گردش کرتی رہتی تھی۔ اندازے کے مطابق مجموعی رقم کا 60 سے 65 فیصد حصہ اسی نیٹ ورک میں دوبارہ استعمال کیا جاتا تھا۔
رپورٹ کے مطابق ایپلی کیشنز کے منافع کا 30 سے 35 فیصد حصہ ڈویلپرز اور نیٹ ورک چلانے والوں کو ملتا تھا، جبکہ اکاؤنٹ فراہم کرنے والے افراد، تاجروں اور انتظامی عملے کو بھی رقم میں حصہ دیا جاتا تھا۔
تین کمپنیوں کے سربراہان سمیت 5 افراد گرفتار
تحقیقات میں نامزد 40 افراد میں سے اب تک 5 کو گرفتار کیا گیا ہے، جن میں تین کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹوز اور دو ڈائریکٹرز شامل ہیں۔
این سی سی آئی اے کے مطابق کارروائی کا بنیادی ہدف اس نیٹ ورک کے مبینہ اصل مالکان اور فائدہ اٹھانے والے افراد تھے۔
ایجنسی کے ترجمان کے مطابق نیٹ ورک سے منسلک دو بینک اکاؤنٹس منجمد کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ ایک ارب روپے مالیت کے اثاثے اور رقوم بھی ضبط یا منجمد کی گئی ہیں۔
گرفتار ملزم سے 73 لاکھ روپے نقد برآمد کیے گئے، جبکہ 70 لاکھ ڈالر مالیت کے یو ایس ڈی ٹی کرپٹو اثاثے بھی تحویل میں لیے گئے ہیں۔
بینک ملازمین اور منی لانڈرنگ کے پہلو کی تحقیقات
تحقیقات کے دوران یہ بات بھی سامنے آئی کہ جوئے سے حاصل ہونے والی رقم ڈیری کاروبار اور ویب ڈیزائننگ سمیت مختلف کاروباری سرگرمیوں سے منسلک اکاؤنٹس کے ذریعے منتقل کی جاتی تھی۔
حکام کو بے نامی اکاؤنٹس کے ذریعے اربوں روپے کی لین دین کے شواہد بھی ملے ہیں۔
شہزاد اکبر کے مطابق نیٹ ورک کے افراد بعض لوگوں کو ماہانہ رقم ادا کرتے تھے تاکہ وہ اپنے بینک اکاؤنٹس استعمال کرنے کی اجازت دیں۔
ایک معاملے میں ایک ہی شخص کے نام پر موجود تین بینک اکاؤنٹس میں 18 ماہ کے دوران 2 ارب روپے جمع ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
بینک منیجرز کے خلاف بھی کارروائی کا امکان
ایڈیشنل ڈائریکٹر کے مطابق نیٹ ورک کی مبینہ معاونت کرنے والے بعض بینک منیجرز کے نام بھی مقدمے کی ابتدائی رپورٹ (ایف آئی آر) میں شامل کیے گئے ہیں۔
ان بینک ملازمین کے خلاف بھی کارروائی متوقع ہے جن پر ایسے اکاؤنٹس کھلوانے میں معاونت کا شبہ ہے، جنہیں جوئے کی رقم کی منتقلی کے لیے استعمال کیا گیا۔
این سی سی آئی اے نے تحقیقات کا دائرہ مزید علاقوں تک بڑھا دیا ہے، جبکہ حکام نیٹ ورک کی مالی سرگرمیوں کا سراغ لگانے اور اس میں مبینہ طور پر ملوث دیگر افراد کی شناخت کے لیے کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

