اردوEnglish
پیر, 23 نومبر 2026
  • Home  
  • محمد رضوان کو پی سی بی کا سینٹرل کنٹریکٹ کیوں نہیں ملا؟
- کھیل

محمد رضوان کو پی سی بی کا سینٹرل کنٹریکٹ کیوں نہیں ملا؟

پاکستان کرکٹ بورڈ نے 38 کھلاڑیوں کے سینٹرل کنٹریکٹس کا اعلان کردیا، تاہم سابق کپتان محمد رضوان اور اوپنر صائم ایوب فہرست میں جگہ نہ بنا سکے۔ چیف سلیکٹر عاقب جاوید نے محمد رضوان کی قومی ٹیم میں واپسی کے حوالے سے اہم بیان دیا ہے۔

اردو رپورٹ ڈیسک

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے 38 کھلاڑیوں کے لیے نئے سینٹرل کنٹریکٹس کا اعلان کردیا ہے، تاہم سابق کپتان محمد رضوان اور اوپنر صائم ایوب اس فہرست میں شامل نہیں ہیں۔

چیف سلیکٹر عاقب جاوید نے محمد رضوان کو سینٹرل کنٹریکٹ نہ ملنے اور قومی ٹیم میں ان کے مستقبل سے متعلق وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ کے لیے ان کی خدمات موجود ہیں اور جیسے ہی صورت حال سازگار ہوگی، انہیں ٹیم میں منتخب کرلیا جائے گا۔

فارمیٹ کے مطابق سینٹرل کنٹریکٹس

پی سی بی کی جانب سے جاری فہرست میں کھلاڑیوں کو ٹیسٹ، ایک روزہ بین الاقوامی اور ٹی 20 بین الاقوامی کرکٹ کے علاوہ ڈیویلپمنٹ کیٹیگری میں تقسیم کیا گیا ہے۔

عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ مختلف فارمیٹس کی بنیاد پر سینٹرل کنٹریکٹس متعارف کرانے کا مقصد کھلاڑیوں کو اپنے متعلقہ فارمیٹ پر توجہ مرکوز کرنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ٹیم میں انتخاب کا سینٹرل کنٹریکٹ سے کوئی تعلق نہیں۔ جو کھلاڑی اچھی کارکردگی دکھائے گا، وہ کسی بھی فارمیٹ میں قومی ٹیم کی نمائندگی کرسکتا ہے۔

بابر اعظم اور سلمان علی آغا ٹی 20 سے باہر نہیں

چیف سلیکٹر نے واضح کیا کہ بابر اعظم اور سلمان علی آغا ٹی 20 کرکٹ سے باہر نہیں ہوئے۔

پی سی بی کی فہرست کے مطابق دونوں کھلاڑیوں کو ٹیسٹ اور ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ کے سینٹرل کنٹریکٹس دیے گئے ہیں۔ عاقب جاوید کے مطابق سینٹرل کنٹریکٹ نہ ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ کسی کھلاڑی کے لیے قومی ٹیم کے دروازے بند ہوگئے ہیں۔

سینٹرل کنٹریکٹ حاصل کرنے والے کھلاڑی

پی سی بی کی جاری کردہ فہرست کے مطابق ٹیسٹ کیٹیگری میں بابر اعظم، سلمان علی آغا، اذان اویس، محمد عباس، ساجد خان اور سعود شکیل شامل ہیں۔

ایک روزہ اور ٹی 20 بین الاقوامی دونوں کیٹیگریز میں ابرار احمد، فخر زمان، فہیم اشرف، حارث رؤف، شاہین شاہ آفریدی اور عرفات منہاس کو شامل کیا گیا ہے۔

ٹی 20 بین الاقوامی کیٹیگری میں حسن نواز، معاذ صداقت، محمد سلمان مرزا، نسیم شاہ، صاحبزادہ فرحان، شاداب خان اور عثمان طارق جگہ بنانے میں کامیاب رہے۔

مستقبل کے کرکٹرز کے لیے ڈیویلپمنٹ کیٹیگری

پی سی بی نے مستقبل کے کرکٹرز کی تیاری اور انہیں آگے لانے کے لیے ڈیویلپمنٹ کیٹیگری میں بھی کھلاڑیوں کو شامل کیا ہے۔

اس کیٹیگری میں عبدالصمد، عبداللہ فضل، احمد دانیال، علی رضا، فرحان یوسف، حنین شاہ، محمد طحہٰ، محمد طیب عارف، محمد غازی غوری، محمد عمران رندھاوا، رضا اللہ، سعد بیگ، سعد مسعود، سمیر منہاس، شاہ زیب خان، شامل حسین، سفیان مقیم اور عبید شاہ شامل ہیں۔

urdureport.com@2025. All Rights Reserved

Your license hasn’t been activated yet. Activate it now!