اردوEnglish
پیر, 23 نومبر 2026
  • Home  
  • زمین کے مدار میں نیا مہمان، پراسرار ’منی مون‘ کیا ہے اور کیا یہ زمین سے ٹکرا سکتا ہے؟
- انوکھی دنیا

زمین کے مدار میں نیا مہمان، پراسرار ’منی مون‘ کیا ہے اور کیا یہ زمین سے ٹکرا سکتا ہے؟

ماہرین فلکیات نے زمین کے مدار میں گردش کرنے والے ایک قدرتی خلائی پتھر کی تصدیق کردی ہے، جسے ’منی مون‘ کا نام دیا گیا ہے۔ یہ عارضی چاند دسمبر کے اوائل تک زمین کے گرد چکر لگانے کے بعد دوبارہ سورج کے گرد اپنے سفر پر روانہ ہوجائے گا۔

اردو رپورٹ ڈیسک

زمین کے مدار میں ایک پراسرار قدرتی خلائی پتھر موجود ہے، جسے ماہرین فلکیات نے ’منی مون‘ یعنی عارضی چاند قرار دیا ہے۔ یہ خلائی چٹان رواں سال اپریل میں زمین کے قریب سے گزری تھی، جہاں زمین کی کشش ثقل نے اسے اپنی جانب کھینچ لیا اور یہ عارضی طور پر زمین کے گرد گردش کرنے لگی۔

امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق یہ کوئی ناکارہ مصنوعی سیارہ یا خلائی ملبہ نہیں بلکہ قدرتی خلائی چٹان ہے، جو دسمبر کے اوائل تک زمین کے مدار میں رہے گی۔ اس کے بعد یہ زمین کی کشش ثقل کے اثر سے نکل کر دوبارہ سورج کے گرد اپنے سفر پر روانہ ہوجائے گی۔

منی مون کو 2026 QQ8 کا نام دے دیا گیا

بین الاقوامی فلکیاتی یونین کے ادارے مائنر پلینیٹ سینٹر نے اکتوبر کے آخر میں اس خلائی چٹان کو باضابطہ طور پر ’2026 QQ8‘ کا نام دیا۔

اس کا حجم انتہائی چھوٹا ہونے کے باعث ماہرین فلکیات کو کئی ہفتوں کے مشاہدے کے بعد اس کی نوعیت کی تصدیق کرنے میں وقت لگا۔

اگرچہ ’منی مون‘ کوئی باقاعدہ سائنسی اصطلاح نہیں، تاہم ماہرین فلکیات زمین کے مدار میں عارضی طور پر داخل ہونے والے قدرتی خلائی اجسام کے لیے یہ نام استعمال کرتے ہیں۔

اس سے قبل 2006 میں ’RH 120‘ نامی خلائی جسم تقریباً ایک سال تک زمین کے گرد گردش کرتا رہا، جبکہ 2020 میں دریافت ہونے والا ’CD3‘ تقریباً تین سال تک زمین کا عارضی ساتھی بنا رہا۔

کیا منی مون زمین کے لیے خطرہ بن سکتا ہے؟

مائنر پلینیٹ سینٹر کے ڈائریکٹر میتھیو پین کے مطابق زمین کے گرد اس طرح کے عارضی قدرتی اجسام کا گردش کرنا کوئی غیر معمولی واقعہ نہیں۔ زمین کے مدار میں وقتاً فوقتاً ایسے چھوٹے خلائی اجسام داخل ہوتے رہتے ہیں، جو چند ہفتوں یا مہینوں تک گردش کرنے کے بعد دوبارہ اپنے راستے پر روانہ ہوجاتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ یہ اجسام انتہائی چھوٹے، زمین سے دور اور تیز رفتار ہوتے ہیں، اس لیے اکثر مشاہدے میں نہیں آتے۔

میتھیو پین نے واضح کیا کہ ’2026 QQ8‘ سے زمین کو ٹکرانے کا کوئی خطرہ نہیں۔ اگر یہ کسی صورت زمین کی فضا میں داخل بھی ہوجائے تو اپنے انتہائی چھوٹے حجم کے باعث فضا میں جل کر ختم ہوجائے گا، جس سے آسمان پر ایک روشن شہابِ ثاقب دکھائی دے سکتا ہے اور ہلکی سی آواز بھی سنائی دے سکتی ہے۔

منی مون کی دریافت کیسے ہوئی؟

اس خلائی چٹان کو سب سے پہلے اگست میں ہنگری کی کونکولی آبزرویٹری کے محقق کرسٹیان سارنیزکی نے دریافت کیا تھا۔ انہوں نے ابتدا میں اسے عارضی نام ’سار 2901‘ دیا تھا۔

کرسٹیان سارنیزکی کے مطابق دریافت کے وقت یہ عام سیارچوں جیسی دکھائی دے رہی تھی، تاہم بعد میں اس کے مدار کے تفصیلی حساب کتاب سے معلوم ہوا کہ یہ ایک منفرد خلائی جسم ہے۔

ابتدائی طور پر ماہرین اس بات پر متفق نہیں تھے کہ آیا یہ قدرتی سیارچہ ہے یا خلائی ملبہ۔ تاہم ایریزونا کی لوول ڈسکوری ٹیلی اسکوپ اور ہوائی یونیورسٹی کی دوربین کی مدد سے کئی ہفتوں تک اس کی حرکت اور شمسی تابکاری کے اثرات کا جائزہ لیا گیا، جس کے بعد اس کے قدرتی خلائی جسم ہونے کی تصدیق ہوگئی۔

منی مون کہاں سے آتے ہیں؟

میتھیو پین کے مطابق ایسے بیشتر خلائی اجسام مریخ اور مشتری کے درمیان واقع ’سیارچوں کی پٹی‘ (Asteroid Belt) سے آتے ہیں، جہاں لاکھوں چٹانی اجسام سورج کے گرد گردش کر رہے ہیں۔

جب ان میں سے کوئی نسبتاً کم رفتار سیارچہ زمین کے قریب سے گزرتا ہے تو زمین اور چاند کی کشش ثقل اسے اپنی جانب کھینچ سکتی ہے۔ اس طرح وہ عارضی طور پر زمین کے گرد گردش کرنے لگتا ہے۔

نظام شمسی میں لاکھوں خلائی اجسام کی شناخت

ماہرین فلکیات اب تک نظام شمسی میں تقریباً 15 لاکھ خلائی اجسام اور زمین کے قریب موجود تقریباً 40 ہزار اجسام کی شناخت کر چکے ہیں۔

ماہرین کو توقع ہے کہ چلی میں قائم ویرا سی روبن آبزرویٹری کا 10 سالہ سروے مکمل طور پر فعال ہونے کے بعد دریافت ہونے والے خلائی اجسام کی تعداد بڑھ کر 50 لاکھ تک پہنچ سکتی ہے۔

urdureport.com@2025. All Rights Reserved

Your license hasn’t been activated yet. Activate it now!