اردو رپورٹ ڈیسک
دوحہ میں جاری ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز کے دوران پاکستان اور بھارت کی اے ٹیموں کے درمیان میچ کے ٹاس میں غیر معمولی واقعہ پیش آیا، جہاں پاکستانی کپتان عبدالصمد نے میچ ریفری کی غلطی کی نشاندہی کرتے ہوئے ٹاس کا درست نتیجہ بتایا۔
پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستانی ٹیم کی قیادت عبدالصمد جبکہ بھارتی ٹیم کی کپتانی تلک ورما کر رہے ہیں۔
ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز کے اہم مقابلے میں پاکستان شاہینز نے روایتی حریف بھارت اے کو 54 رنز سے شکست دے دی۔ پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 49.2 اوورز میں 313 رنز بنائے، جس کے جواب میں بھارتی ٹیم 47 اوورز میں 259 رنز بنا سکی اور ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی۔ یوں ٹاس کے غیر معمولی واقعے کے بعد میدان میں بھی پاکستان شاہینز نے اپنی برتری ثابت کرتے ہوئے شاندار کامیابی حاصل کی۔
ٹاس کے نتیجے پر میچ ریفری کی غلطی
ٹاس کے موقع پر پریزنٹر نے بتایا کہ سکہ بھارتی کپتان تلک ورما کے ہاتھ میں ہے اور پاکستانی کپتان عبدالصمد نے ہیڈز یا ٹیلز کی کال دینی ہے۔
تلک ورما نے سکہ اچھالنے سے پہلے اسے دونوں ہاتھوں میں ہلایا اور پھر دائیں ہاتھ سے اچھال دیا۔ عبدالصمد نے ہیڈز کی کال دی، تاہم سکہ زمین پر گرنے کے بعد میچ ریفری نے اسے ٹیلز قرار دے دیا۔
پریزنٹر نے بھی ٹیلز کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بھارت ٹاس جیت گیا ہے۔ اس میچ کے ریفری بنگلہ دیش کے سابق کرکٹر نیام الراشد تھے۔
اسی دوران عبدالصمد اور تلک ورما نے جھک کر سکے کو دیکھا۔ عبدالصمد نے فوری طور پر سکے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہیڈز ہے۔ اس پر میچ ریفری اور پریزنٹر نے بھی دوبارہ سکے کا جائزہ لیا اور ٹاس کا درست نتیجہ تسلیم کیا۔
پاکستان نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا
پریزینٹر نے عبدالصمد سے پوچھا کہ ٹاس جیتنے کے بعد وہ کیا فیصلہ کریں گے، جس پر پاکستانی کپتان نے کہا کہ ان کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرے گی۔
کرکٹ ویب سائٹس کرک انفو اور کرک بز نے بھی اس واقعے کو غیر معمولی قرار دیا۔ کرک انفو کے مطابق دونوں کپتانوں کو جھک کر سکے کا نتیجہ دیکھنا پڑا، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ کوئی بھی ٹیم معمولی برتری بھی چھوڑنے کے لیے تیار نہیں تھی۔
کرک بز کی رپورٹ کے مطابق عبدالصمد نے ہیڈز کی کال دی تھی، لیکن سکہ گرنے کے بعد ٹیلز کا اعلان کر دیا گیا۔ بعد ازاں عبدالصمد نے سکے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے دوبارہ کہا کہ یہ ہیڈز ہے۔
سوشل میڈیا پر تحقیقات کا مطالبہ
اس واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر بحث شروع ہوگئی اور پاکستان میں بعض صارفین نے اس کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔
صحافی فیضان لاکھانی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر سوال اٹھایا کہ آیا یہ محض غلطی یا بے دھیانی تھی یا میچ ریفری کی جانب سے ٹاس کے نتیجے پر اثر انداز ہونے کی دانستہ کوشش کی گئی۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ معاملے کو مزید تحقیقات کے لیے انسدادِ بدعنوانی یونٹ کے سپرد کیا جانا چاہیے تاکہ معلوم ہو سکے کہ ٹاس فکس کرنے کی کوشش تو نہیں کی گئی۔
ایک صارف کرن خان نے کہا کہ اس مرتبہ غلطی پکڑ کر درست کر دی گئی، تاہم یہ سوال بھی اہم ہے کہ ماضی میں پاکستان اور بھارت کے کتنے میچوں میں اس نوعیت کی غلطیاں نظرانداز ہوئی ہوں گی۔
ایک اور صارف عبدالحماد نے بھی میچ ریفری کی غلطی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اس واقعے نے کئی سنگین سوالات پیدا کر دیے ہیں۔
دوسری جانب بھارتی صارف انکت روات نے کہا کہ یہ آئی سی سی کا نہیں بلکہ ایشین کرکٹ کونسل کا ایونٹ ہے، جس کے چیئرمین پاکستان کے محسن نقوی ہیں۔ ایک دوسرے بھارتی صارف نے ٹاس کا فیصلہ فوری طور پر پاکستان کے حق میں درست کیے جانے کا حوالہ دیتے ہوئے تنقید کی۔
میچ سے قبل ہینڈ شیک بھی نہیں ہوا
میچ کے آغاز پر دونوں کپتانوں کے درمیان مصافحہ بھی نہیں ہوا۔
ٹاس کے بعد مائیک کے حوالے سے بھی ایک غیر معمولی صورت حال سامنے آئی۔ کرک بز کی کمنٹری کے مطابق عبدالصمد مائیک اپنے ساتھ لے گئے، جس کے باعث تلک ورما کے گفتگو کے لیے آنے پر ان کے پاس مائیک موجود نہیں تھا۔

