اردو رپورٹ ڈیسک
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے مالیاتی مرکز میں واقع ایک بلند عمارت پر حوثی باغیوں کے دوسرے حملے میں 11 افراد زخمی ہوگئے۔ ایک ہفتے سے بھی کم عرصے میں کنگ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ کی اہم عمارت کو دوسری مرتبہ نشانہ بنایا گیا ہے۔
سعودی عرب کی قیادت میں قائم فوجی اتحاد نے حملے کو دہشت گرد کارروائی قرار دیتے ہوئے تحقیقات شروع کردی ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق تین عینی شاہدین نے بتایا کہ ریاض کے کاروباری علاقے میں واقع ایک فلک بوس عمارت کو نشانہ بنایا گیا، جہاں سعودی عرب کے خودمختار سرمایہ کاری فنڈ پبلک انویسٹمنٹ فنڈ (پی آئی ایف) کا صدر دفتر بھی قائم ہے۔
سعودی فوجی اتحاد کا حملے کو دہشت گردی قرار دینے کا اعلان
الجزیرہ کے مطابق سعودی قیادت میں قائم فوجی اتحاد کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کنگ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ پر حملے کو بزدلانہ دہشت گرد کارروائی قرار دیا۔
انہوں نے بتایا کہ متعلقہ حکام واقعے کی تحقیقات کے لیے جائے وقوع پر موجود ہیں۔
سعودی سول ڈیفنس کے مطابق حوثی ملیشیا کی جانب سے کیے گئے حملے میں 11 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
ایک عینی شاہد کے مطابق واقعے کے بعد لاؤڈ اسپیکر نصب گاڑی کے ذریعے علاقے میں موجود پیدل چلنے والوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایات دی گئیں۔ تاہم حملے سے قبل شہریوں کو موبائل فون پر کوئی ہنگامی اطلاع موصول نہیں ہوئی تھی۔
19 نومبر کو بھی پی آئی ایف ٹاور نشانہ بنا تھا
ریاض کے مالیاتی مرکز میں واقع پی آئی ایف ٹاور کو گزشتہ ہفتے 19 نومبر کو بھی حملے میں نقصان پہنچا تھا۔ سعودی حکام کے مطابق اس واقعے میں عمارت کی کئی منزلیں اور قریبی عمارتیں متاثر ہوئی تھیں، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔
اگرچہ حکام نے باضابطہ طور پر متاثرہ عمارت کا نام ظاہر نہیں کیا تھا، لیکن سول ڈیفنس کی جاری کردہ تصاویر میں پی آئی ایف ٹاور کے بیرونی حصے کو نقصان اور شیشے ٹوٹے ہوئے دکھائی دیے تھے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق گزشتہ حملے میں ٹاور کی ساتویں اور آٹھویں منزل سمیت متعدد منزلوں کی کھڑکیاں ٹوٹ گئی تھیں، جبکہ عمارت کے بیرونی دھاتی حصے کو بھی نقصان پہنچا تھا۔
حوثی باغیوں نے گزشتہ ہفتے ہونے والے حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی، تاہم منگل کو ہونے والے تازہ حملے کے حوالے سے تاحال کوئی دعویٰ سامنے نہیں آیا۔
385 میٹر بلند پی آئی ایف ٹاور کی اہمیت
385 میٹر بلند پی آئی ایف ٹاور ریاض کے کنگ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ میں واقع ہے۔ اس علاقے میں سعودی اسٹاک ایکسچینج کا صدر دفتر اور گولڈمین سیکس سمیت متعدد عالمی کمپنیوں کے دفاتر بھی قائم ہیں۔
یہ ضلع سعودی عرب کا اہم کاروباری اور مالیاتی مرکز سمجھا جاتا ہے۔
سعودی عرب پر حوثی حملوں میں اضافہ
اے ایف پی کے مطابق حوثی باغیوں نے حالیہ ہفتوں میں سعودی عرب پر حملوں میں اضافہ کیا ہے۔ ان حملوں میں ہوائی اڈوں، توانائی کے بنیادی ڈھانچے، فوجی تنصیبات اور ریاض کے مالیاتی مرکز کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
اکتوبر میں ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایک مہلک حملے میں 14 افراد ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہوئے تھے، جس کے بعد پروازیں دو ہفتوں کے لیے معطل کردی گئی تھیں۔
ان حملوں کے جواب میں سعودی عرب کی قیادت میں قائم فوجی اتحاد یمن میں حوثی باغیوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔

