اردو رپورٹ ڈیسک
فٹبال ورلڈ کپ فائنل میں اسپین سے شکست کے بعد ہونے والے جھگڑے پر فیفا نے ارجنٹینا کے کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے پابندیاں اور جرمانے عائد کردیے۔
فائنل کے بعد کیا ہوا؟
19 جولائی کو ورلڈ کپ فائنل میں شکست کے بعد ارجنٹینا کے بعض کھلاڑی اسپین کے کھلاڑیوں سے الجھ گئے۔ واقعے کے دوران لیاندرو پاریدیس نے اسپین کے ایرک گارسیا کا گلا پکڑا، جبکہ دیگر کھلاڑی بھی جھگڑے میں شامل ہوئے۔
کھلاڑیوں کو سخت سزائیں
فیفا نے لیاندرو پاریدیس پر 10 میچز جبکہ ناہویل مولینا پر 7 میچز کی پابندی عائد کردی۔ دونوں کھلاڑیوں کو 90،90 ہزار ڈالر جرمانہ بھی ادا کرنا ہوگا۔
کوچنگ اسٹاف بھی کارروائی کی زد میں
ارجنٹینا کے اسسٹنٹ کوچ روبرتو آیالا کو اسپین کے کھلاڑی دانی اولمو کو ضرب لگانے پر 3 میچز کی پابندی اور 30 ہزار ڈالر جرمانے کی سزا سنائی گئی ہے۔
ارجنٹینا فٹبال ایسوسی ایشن پر جرمانہ
فیفا نے ارجنٹینا فٹبال ایسوسی ایشن پر مجموعی طور پر 3 لاکھ 21 ہزار ڈالر جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔ جرمانے کی ایک لاکھ ڈالر رقم امتیازی سلوک کے خلاف ایک منصوبے پر خرچ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اپیل کا اعلان
ارجنٹینا فٹبال ایسوسی ایشن نے فیفا کی جانب سے عائد پابندیوں اور جرمانوں کے خلاف اپیل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ایسوسی ایشن کے مطابق اپیل مسترد ہونے کی صورت میں معاملہ کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت میں لے جایا جا سکتا ہے۔
فیفا کی کارروائی فائنل کے بعد پیش آنے والے واقعات کی تحقیقات کے بعد سامنے آئی ہے۔
مذید پڑھئیے
فیفا ورلڈ کپ 2030: سوسالہ جشن ، منفرد عالمی کپ،چھ میزبان کوالیفائیر – urdureport.com
اسپین نے ارجنٹینا کو ہرا کر دوسری مرتبہ فیفا فٹ بال ورلڈ کپ جیت لیا۔ – urdureport.com


