اردو رپورٹ ڈیسک
وفاقی بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے اعتراف کیا ہے کہ ٹیکس دہندگان کو آئی آر آئی ایس پورٹل پر وقفے وقفے سے مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ قریب آ رہی ہے۔
مسئلے کے حل کیلئے کوششیں جاری
ایف بی آر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ اس کی ٹیمیں آئی آر آئی ایس پورٹل میں پیدا ہونے والے مسئلے کو دور کرنے کے لیے کام کر رہی ہیں۔
ایف بی آر کے مطابق مسئلہ حل ہونے کے بعد ٹیکس دہندگان کو آگاہ کردیا جائے گا۔
آخری تاریخ قریب، ایف بی آر کی معذرت
ٹیکس اتھارٹی نے کہا کہ گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ قریب ہے اور وہ اس اہمیت کو سمجھتی ہے جو ٹیکس دہندگان کے لیے گوشوارے جمع کرانے کے عمل میں آئی آر آئی ایس پورٹل رکھتا ہے۔
ایف بی آر نے آئی آر آئی ایس پورٹل میں جاری مسائل کے باعث ٹیکس دہندگان کو پیش آنے والی مشکلات پر معذرت بھی کی ہے۔


