اردو رپورٹ ڈیسک
اسلام آباد: اسلام آباد اور جڑواں شہر راولپنڈی میں گزشتہ رات سے جاری شدید بارش کے باعث ریسکیو حکام نے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا ہے، جبکہ نشیبی علاقوں میں شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق راولپنڈی میں کٹاریاں کے مقام پر نالہ لئی میں پانی کی سطح 21 فٹ جبکہ گوالمنڈی پل کے مقام پر 17 فٹ تک پہنچ گئی۔ تاہم حکام کا کہنا ہے کہ پانی کی سطح اب بتدریج کم ہو رہی ہے۔
نالہ لئی میں پانی کی سطح میں اضافے اور طغیانی کے خدشے کے پیش نظر ریسکیو 1122 اور واسا کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔
WEATHER ALERT (Aug 18–20): The Pakistan Meteorological Department has issued a warning for heavy torrential rainfall expected over the next 24 hours.#WeatherAlert #MonsoonAlert #PakistanWeather #PMD #HeavyRain #UrbanFlooding #StaySafePakistan pic.twitter.com/qXlW5VAMml
— Pak Met Department محکمہ موسمیات (@pmdgov) August 18, 2026
نالہ لئی کے اطراف وارننگ جاری
ریسکیو حکام کے مطابق نالہ لئی کے اطراف خطرے کے سائرن بجائے گئے، جبکہ شہریوں کو محتاط رہنے اور خطرناک و نشیبی علاقوں سے دور رہنے کے لیے اعلانات بھی کیے جا رہے ہیں۔
بارش کے اعداد و شمار کے مطابق سیدپور میں 66 ملی میٹر، گولڑہ میں 52 ملی میٹر اور بوکرہ میں 65 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ اسی طرح پیرودھائی میں 63، چکلالہ میں 47 اور شمس آباد میں 50 ملی میٹر بارش ہوئی۔
ایم ڈی واسا کے مطابق نالہ لئی اور نشیبی علاقوں میں واسا کی ٹیمیں موجود ہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
نشیبی علاقوں میں ہیوی مشینری تعینات
واسا حکام کے مطابق صادق آباد، ڈھوک کھبہ، پیرودھائی، آریہ محلہ اور بوہڑ بازار سمیت مختلف علاقوں میں ہیوی مشینری تعینات کر دی گئی ہے تاکہ پانی کے نکاس اور ممکنہ ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔
دوسری جانب پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ (PMD) نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شدید سے موسلا دھار بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، پوٹھوہار ریجن، بالائی پنجاب، کشمیر، بالائی و وسطی خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ بعض مقامات پر موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔
شہری سیلاب کا خدشہ
PMD کا آفیشل فلڈ بلیٹن کے مطابق 18 اگست کی رات سے 20 اگست تک مردان، صوابی، پشاور، نوشہرہ، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ اور لاہور کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات نے اپنے آفیشل فلڈ بلیٹن میں مزید خبردار کیا ہے کہ بارشوں کے دوران خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔
حکام نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، نشیبی اور زیر آب علاقوں میں جانے سے احتیاط کریں اور بارش و سیلاب سے متعلق سرکاری ہدایات پر عمل کریں۔


