اردو رپورٹ ڈیسک
اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے پاکستان میں بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں 21 اگست تک بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی متوقع ہے جبکہ بارش کے دوران وقفے بھی آسکتے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون ہوائیں ملک کے شمالی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں اور آئندہ چند روز تک ان کا سلسلہ برقرار رہنے کا امکان ہے۔ 17 اگست سے مغربی ہواؤں کی ایک لہر بھی ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کی توقع ہے۔
خیبرپختونخوا میں بارش اور تیز ہواؤں کا امکان
خیبرپختونخوا کے بیشتر علاقوں میں 17 سے 21 اگست تک بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق دیر، چترال، سوات، کوہستان، ملاکنڈ، نوشہرہ، چارسدہ، صوابی، شانگلہ، بٹگرام، بونیر، کوہاٹ، ہنگو، کرم، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، پشاور اور مردان میں بارش کا امکان ہے۔
صوبے کے جنوبی اضلاع کرک، ٹانک، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں اور وزیرستان میں 20 اور 21 اگست کو بارش متوقع ہے۔
اسلام آباد اور پنجاب میں بارش کی پیشگوئی
اسلام آباد اور بالائی پنجاب میں 16 اگست کی شام سے 21 اگست تک بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہوسکتی ہے۔
بارش سے متاثر ہونے والے علاقوں میں اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، چکوال، تلہ گنگ، اٹک، سیالکوٹ، نارووال، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، وزیرآباد، لاہور، قصور، اوکاڑہ، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، سرگودھا، خوشاب، میانوالی اور نورپور تھل شامل ہیں۔
اس کے علاوہ فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، لیہ، بھکر، ساہیوال، پاکپتن، بہاولنگر، بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان میں 20 اور 21 اگست کو بارش متوقع ہے۔
گلگت بلتستان میں بھی بارش کا امکان
گلگت بلتستان کے دیامر، استور، غذر، اسکردو، ہنزہ، گلگت، گانچھے اور شگر میں 18 سے 21 اگست تک بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ اس دوران بارش کے سلسلے میں وقفے بھی متوقع ہیں۔
سندھ اور بلوچستان میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔
تاہم موسیٰ خیل، بارکھان، ژوب، قلات اور خضدار میں 17 اگست کی شام سے 20 اگست تک بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔
پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ
محکمہ موسمیات نے بارشوں کے دوران خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور آزاد جموں و کشمیر کے پہاڑی اور بلند علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے سے بھی خبردار کیا ہے۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ شدید بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور مقامی انتظامیہ و محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری ہونے والی تازہ موسمی ہدایات پر عمل کریں۔


