اردوEnglish
پیر, 23 نومبر 2026
  • Home  
  • حنا جاوید قتل کیس : شوہر اور سسر کو کلین چٹ، مرکزی ملزم کوئی اور نکلا
- وائرل نیوز

حنا جاوید قتل کیس : شوہر اور سسر کو کلین چٹ، مرکزی ملزم کوئی اور نکلا

راولپنڈی میں حنا جاوید قتل کیس کی تحقیقات میں گھریلو ملازم ذیشان کو ڈی این اے شواہد کی بنیاد پر مرکزی ملزم قرار دے دیا گیا، جبکہ مقتولہ کے شوہر اور سسر کے خلاف اہم شواہد نہ ملنے پر انہیں چالان میں خانہ نمبر دو میں رکھا گیا ہے۔

اردو رپورٹ ڈیسک

راولپنڈی کے حنا جاوید قتل کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، جہاں پولیس نے مقتولہ کے شوہر فیصل اصغر اور سسر علی اصغر کو اہم شواہد نہ ملنے پر چالان میں خانہ نمبر دو میں شامل کر دیا ہے، جبکہ گھریلو ملازم ذیشان کو مرکزی ملزم قرار دیا گیا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق ذیشان کا ڈی این اے جائے وقوعہ اور مقتولہ کی لاش سے حاصل کیے گئے 17 ڈی این اے نمونوں سے مطابقت رکھتا ہے۔ مقتولہ کے ناخنوں سے حاصل کیا گیا ڈی این اے بھی مبینہ طور پر ملزم کے نمونوں سے میچ کر گیا ہے۔

ڈی این اے اور فرانزک شواہد ذیشان سے مطابقت رکھتے ہیں

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مقتولہ کے ساتھ مبینہ زیادتی اور واش روم سے لاش ملنے کے واقعے سے متعلق حاصل کیے گئے شواہد بھی ذیشان سے مطابقت رکھتے ہیں۔

تحقیقات کے دوران ملزم کے موبائل فون سے حنا جاوید کی تصاویر بھی برآمد ہوئی ہیں، جنہیں پولیس نے چالان کا حصہ بنا دیا ہے۔

شوہر اور سسر کے خلاف اہم شواہد نہیں ملے

پولیس ذرائع کے مطابق مقتولہ کے شوہر فیصل اصغر اور سسر علی اصغر کے خلاف تحقیقات کے دوران کوئی اہم شواہد سامنے نہیں آئے، جس کے بعد دونوں کو چالان میں خانہ نمبر دو میں رکھا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں کو بے گناہ قرار دینے کا حتمی اختیار عدالت کے پاس ہے، اس لیے پولیس کی جانب سے شواہد نہ ملنے کی بنیاد پر انہیں چالان میں خانہ نمبر دو میں شامل کیا گیا ہے۔

ڈی این اے اور پوسٹ مارٹم رپورٹس چالان کا حصہ

پولیس نے تمام ملزمان کی ڈی این اے اور فرانزک رپورٹس کے علاوہ مقتولہ کی پوسٹ مارٹم رپورٹ بھی چالان میں شامل کر دی ہے۔

تحقیقات کے دوران جمع کیے گئے شواہد اور رپورٹس کو مقدمے کے قانونی عمل کے لیے متعلقہ ریکارڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔

urdureport.com@2025. All Rights Reserved

Your license hasn’t been activated yet. Activate it now!