اردو رپورٹ ڈیسک
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ کے مطابق ڈاکٹرز نے قیدی کو طبی طور پر صحت مند قرار دیا، طبی معائنے کےتمام مراحل کےدوران ان کی ہمشیرہ عظمیٰ خان موجود رہیں، تمام عمل مکمل ہونے کے بعد انہیں 21 اگست کی صبح تقریبا5 بجےاڈیالہ جیل واپس منتقل کر دیا گیا۔
عطاتارڑ نے کہا کہ بانی کا طبی معائنہ پمز اسپتال میں کرایا گیا،جس میں شفا اسپتال کے ڈاکٹرز بھی موجود تھے، پی ٹی آئی کارکنوں کیجانب سے شفا اسپتال کے راستے اور باہر سیکیورٹی صورتحال پیداکی گئی، اسی صورتحال کےپیش نظربانی پی ٹی آئی کو پمزاسپتال لے جایا گیا۔
گزشتہ سے پیوستہ
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کو شفا انٹرنیشنل ہسپتال سے واپس اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا۔
ذرائع نے تصدیق کردی
جیل ذرائع کے مطابق عمران خان کو شفا انٹرنیشنل ہسپتال سے انتہائی سخت سیکیورٹی میں اڈیالہ جیل واپس لایا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اڈیالہ جیل پہنچنے کے بعد پی ٹی آئی کے بانی کو دوبارہ ان کے سیل میں منتقل کردیا گیا۔
اس سے قبل عمران خان کو سخت سیکیورٹی حصار میں اڈیالہ جیل سے شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
سیکیورٹی کے سخت انتظامات
عمران خان کی شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقلی سے قبل آئی جی اسلام آباد نے پولیس افسران کے ہمراہ ہسپتال کا دورہ کیا۔
آئی جی اسلام آباد نے اس موقع پر ہسپتال میں کیے گئے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ بھی لیا۔
شفا انٹرنیشنل ہسپتال کے باہر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے، جبکہ علاقے میں پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی۔
سپریم کورٹ کا حکم
گزشتہ رات سپریم کورٹ کے حکم پر عمران خان کو شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
عدالت کے حکم کے بعد عمران خان کو طبی معائنے اور علاج کے لیے اڈیالہ جیل سے ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔


