اسلام آباد: پاکستان کا 79واں یومِ آزادی آج ملک بھر میں ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے۔ اسلام آباد، لاہور، کراچی سمیت مختلف شہروں میں شہریوں نے قومی پرچم لہرا کر پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے جبکہ ریلیوں، ملی نغموں اور دیگر تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
لاہور میں جشنِ آزادی کے موقع پر لبرٹی، اقبال پارک، گلشن اقبال، ڈولمن مال ڈیفنس اور اڈہ پلاٹ سمیت پانچ مقامات پر آتش بازی کی گئی، جبکہ اسلام آباد میں لیکن ویو ستی بحریہ ٹاؤن اور کراچی سمیت دیگر شیروں میں جوش و خروش سے آزادی کا دن۔منایا گیا۔جبکہ مختلف علاقوں میں میوزیکل پروگرامز بھی منعقد ہوئے۔
دن کا آغاز ملک کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعاؤں سے ہوا۔ وفاقی دارالحکومت میں 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی دی جائے گی۔
صدد وزیراعظم کی مبارکباد
صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے قوم کو یومِ آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے قیام پاکستان کے لیے قربانیاں دینے والوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ دونوں رہنماؤں نے قومی اتحاد، ملکی ترقی، امن اور خوشحالی کے لیے مل کر کام کرنے پر زور دیا۔
صدر مملکت نے کہا کہ آزادی ایک نعمت کے ساتھ ذمہ داری بھی ہے، جبکہ وزیراعظم نے پاکستان کو مضبوط اور ترقی یافتہ ملک بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
پاکستان زندہ باد!


