کویت نے الزام عائد کیا ہے کہ ایران کی جانب سے کیے گئے بیلسٹک میزائل اور ڈرون حملوں میں ایک شخص جان کی بازی ہار گیا جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ کویتی حکام کے مطابق حملوں میں اہم شہری تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا جن میں کویت انٹرنیشنل ایئرپورٹ بھی شامل ہے۔
ادھر کویتی وزارت دفاع کے مطابق حملوں کے باعث بین الاقوامی ایئرپورٹ کی عمارت کو نقصان پہنچا جس کے بعد فضائی آپریشنز کو عارضی طور پر معطل کرنا پڑا۔ بحرین نے بھی دعویٰ کیا ہے کہ اس کی فضائی دفاعی تنصیبات نے متعدد میزائلوں اور ڈرونز کو ہدف تک پہنچنے سے پہلے تباہ کر دیا۔
کویت کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ بدھ کی صبح شروع ہونے والے حملوں کے نتیجے میں نہ صرف جانی نقصان ہوا بلکہ مختلف اہم عمارتوں اور سفارتی مشنز کو بھی نقصان پہنچا۔ وزارت نے ان کارروائیوں کو خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے سخت الفاظ میں مذمت کی۔
کویت کا بیان
بیان میں کہا گیا کہ کویت اپنی خودمختاری اور قومی سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا اور شہریوں و غیر ملکی رہائشیوں کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ حکام کے مطابق ایسے حملے بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی ہیں۔
ایران کا ردعمل
دوسری جانب ایران نے بھی ایک سخت ردعمل جاری کرتے ہوئے آبنائے ہرمز میں ایک ایرانی آئل ٹینکر اور جزیرہ قشم میں مواصلاتی نظام پر ہونے والے حملوں کا ذمہ دار خطے کے بعض ممالک کو ٹھہرایا ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی ہیں اور ان کے نتائج کی ذمہ داری متعلقہ ممالک پر عائد ہوگی۔
مذید خبریں
ایران کے ساتھ آئِندہ ہفتے معاہدہ طے پا جائے گا۔ٹرمپ – urdureport.com
اٹلی :چار مزدوروں کے جلانےمیں دو پاکستانی ملوث،پانچویں مزدور کے ہولناک انکشافات – urdureport.com
ایران نے خبردار کیا کہ اگر کسی ملک کی سرزمین یا فضائی حدود ایران کے خلاف کارروائیوں کے لیے استعمال کی گئی تو اسے براہ راست جارحیت تصور کیا جائے گا۔ تہران نے یہ بھی واضح کیا کہ اسے ایسے حملوں کے جواب میں مناسب اقدامات کرنے کا حق حاصل ہے۔
تازہ کشیدگی کے بعد خلیجی خطے میں سکیورٹی خدشات مزید بڑھ گئے ہیں جبکہ عالمی برادری صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔


