اردو رپورٹ ڈیسک
اسلام آباد میں کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے فائر اور لائف سیفٹی انتظامات میں خامیوں کی نشاندہی کے بعد میریٹ ہوٹل کو نوٹس جاری کر دیا ہے۔ سی ڈی اے کے نوٹس کے مطابق ہوٹل اسلام آباد فائر پریوینشن اینڈ لائف سیفٹی ریگولیشنز 2010 کے سیکشن 3 اور 4 کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔
یہ کارروائی 26 اگست کو پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) کے نرسری وارڈ میں آتشزدگی کے واقعے میں 14 نومولود بچوں کی موت کے بعد اسلام آباد میں فائر سیفٹی انتظامات کی جانچ کے سلسلے میں سامنے آئی ہے۔
میریٹ ہوٹل میں فائر سیفٹی کی خامیوں کی نشاندہی
یکم ستمبر کو جاری کیے گئے نوٹس کے مطابق سی ڈی اے کی ٹیم نے میریٹ ہوٹل کا معائنہ کیا، جس کے دوران فائر اور لائف سیفٹی انتظامات میں بعض خامیوں کی نشاندہی کی گئی۔
سی ڈی اے اس سے قبل اسلام آباد کی آٹھ دیگر عمارتوں کو بھی فائر سیفٹی کے ناکافی انتظامات کی بنیاد پر سیل کر چکا ہے۔ حادثے کے بعد مختلف عمارتوں میں فائر سیفٹی انتظامات کی جانچ بھی تیز کر دی گئی ہے جبکہ حفاظتی تقاضے پورے نہ کرنے والے بعض ہسپتالوں پر جرمانے عائد کیے گئے ہیں۔
ہوٹل انتظامیہ کو 10 روز کی مہلت
میریٹ ہوٹل کے فائر اینڈ سیفٹی افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ہوٹل انتظامیہ سی ڈی اے کی ہدایات پر عمل کرے گی۔ ان کے مطابق سی ڈی اے نے انتظامات مکمل کرنے کے لیے 10 دن کی مہلت دی ہے۔ ہوٹل انتظامیہ آئندہ 7 سے 8 روز میں انسپیکشن ٹیم کی نشاندہی کردہ نکات پر عمل درآمد کرے گی۔
فائر اینڈ سیفٹی افسر نے کہا کہ سی ڈی اے نے صرف چند معمولی نوعیت کے نکات کی نشاندہی کی ہے۔ ان کے مطابق انسپیکشن ٹیم نے تین سے چار نکات کی نشاندہی کی، جن پر ہوٹل انتظامیہ عمل کر رہی ہے۔
کمپلائنس سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کی ہدایت
سی ڈی اے نے میریٹ ہوٹل انتظامیہ کو نشاندہی کی گئی خامیاں دور کرنے اور مطلوبہ حفاظتی اقدامات مکمل کرنے کے بعد کمپلائنس سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
نوٹس میں خبردار کیا گیا ہے کہ مقررہ حفاظتی اقدامات مکمل نہ کیے گئے تو ہوٹل کے خلاف مزید قانونی کارروائی کی جا سکتی ہے، جس میں عمارت کو سیل کرنا بھی شامل ہے۔


