اردوEnglish
اتوار, 22 نومبر 2026
  • Home  
  • جسٹس محسن اختر کیانی مستعفی، 26ویں اور 27ویں آئینی ترامیم پر تحفظات کا اظہار
- پاکستان

جسٹس محسن اختر کیانی مستعفی، 26ویں اور 27ویں آئینی ترامیم پر تحفظات کا اظہار

لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے صدر پاکستان کو استعفیٰ بھجوا دیا۔ استعفے میں انہوں نے 26ویں اور 27ویں آئینی ترامیم، ججز کی تقرریوں اور تبادلوں میں انتظامی مداخلت اور عدلیہ کی آزادی متاثر ہونے پر تحفظات کا اظہار کیا۔

اردو رپورٹ ڈیسک

لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی مستعفی ہوگئے ہیں اور انہوں نے اپنا استعفیٰ صدر پاکستان کو بھجوا دیا ہے۔ انہوں نے استعفے میں ذاتی وجوہات، صحت کے مسائل اور ضمیر کی آواز کو فیصلے کی وجہ قرار دیا ہے۔

جسٹس محسن اختر کیانی اسلام آباد ہائی کورٹ سے تبادلے کے بعد لاہور ہائی کورٹ میں فرائض انجام دے رہے تھے۔ نئے ججز روسٹر میں ان کا تبادلہ راولپنڈی بینچ میں کیا گیا تھا۔

استعفے میں آئینی ترامیم پر تحفظات

جسٹس محسن اختر کیانی کے استعفے کی نقل کے مطابق انہوں نے 26ویں اور 27ویں آئینی ترامیم پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان ترامیم نے ہائی کورٹس کی آزادی اور ادارہ جاتی خودمختاری کو متاثر کیا ہے۔

انہوں نے ججز کی تقرریوں اور تبادلوں میں انتظامیہ کی بڑھتی ہوئی مداخلت کو عدلیہ کی آزادی کے لیے نقصان دہ قرار دیا۔

عدالتی آزادی اور عوامی اعتماد پر تشویش

استعفے میں جسٹس محسن اختر کیانی نے لکھا کہ عدالتی آزادی اور انصاف کے عمل پر عوامی اعتماد کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

ان کے مطابق عام سائلین کی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ انصاف کے متلاشی افراد کو نظرانداز کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ موجودہ حالات میں بطور جج فرائض جاری رکھنے کی ان کا ضمیر اجازت نہیں دیتا۔

وکالت میں واپسی کا اعلان

جسٹس محسن اختر کیانی نے استعفے میں کہا کہ وہ وکالت میں واپس آکر عوام کے حقوق کے تحفظ اور قانونی شعور اجاگر کرنے کے لیے کام کریں گے۔

انہوں نے اپنے عدالتی کیریئر کے دوران 23 ہزار سے زائد مقدمات کے فیصلے کرنے کا بھی ذکر کیا۔

جسٹس محسن اختر کیانی 11 فروری 1970 کو اسلام آباد میں پیدا ہوئے اور انہوں نے 1994 میں پنجاب یونیورسٹی سے قانون کی ڈگری حاصل کی۔ انہیں 23 دسمبر 2015 کو اسلام آباد ہائی کورٹ کا جج تعینات کیا گیا تھا۔ ان کی ریٹائرمنٹ 2032 میں ہونا تھی۔

urdureport.com@2025. All Rights Reserved

Your license hasn’t been activated yet. Activate it now!