پنجاب حکومت نے لیڈی ویلینگڈن ہسپتال لاھور کے گائنی آپریشن تھیٹر میں دو مریضوں کی سی سیکشن کی ویڈیو بنانے کے الزام میں چار ڈاکٹروں کو معطل کیا ہے۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں دو خواتین کے سی سیکشن ہوتے دیکھے جا سکتے ہیں۔
ایک اعلامیے کے مطابق حکومت پنجاب نے ہسپتال میں گائنی ڈپارٹمنٹ کی سربراہ ڈاکٹر عظمیٰ حسین سے تین روز میں وضاحت طلب کی ہے۔
اس میں کہا گیا ہے کہ کچھ ڈاکٹرز مبینہ طور پر مریضوں پر کیے جانے والے سی سیکشن پروسیجرز پر ’شرط‘ لگا رہے تھے جو کہ نہ صرف طبی ضابطہ اخلاق کی سنگین خلاف ورزی ہے بلکہ مریض کے وقار اور پیشہ ورانہ معیار کے بھی منافی ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سنگین غفلت کے اس واقعے نے ’طبی شعبے پر اعتماد کو نقصان پہنچایا ہے۔‘
جبکہ اس ویڈیو نے سوشل میڈیا پر پاکستان میں طبی قوائد و ضوابط اور مریضوں کے تحفظ سے متعلق بحث چھیڑ دی ہے۔
خیال رہے کہ جنوری کے دوران پنجاب کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں ایمرجنسی کے شعبے میں کام کرنے والے عملے اور ڈاکٹروں کے موبائل فون کے استعمال پر پابندی عائد کی گئی تھی
قبل ازیںلاہور کے لیڈی ولنگڈن اسپتال میں ایک مریضہ کے سی سیکشن سے متعلق واقعے کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد انتظامیہ نے فوری انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔
وائرل ویڈیو میں مبینہ طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ ڈاکٹرز کی مختلف ٹیمیں آپریشن پہلے کرنے کے لیے جلد بازی کا مظاہرہ کر رہی ہیں، جس نے طبی پیشہ ورانہ اصولوں پر سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
مریضہ کا سی سیکشن پہلے کون کرے گا؟ لیڈی ویلنگڈن اسپتال کے ڈاکٹرز کی ٹیموں نے ریس لگالی
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ڈاکٹرز پر مشتمل ٹیمیں سی سیکشن کرنے کے لیے کیسے جلدبازی کررہی ہیں pic.twitter.com/c4WvHpoPNG
— Arif Malik (@arifawan779) March 27, 2026
اس دوران مریضہ کی پرائیویسی اور پردہ داری کو بھی نظر انداز کیا گیا، جبکہ اسپتال میں موبائل فون کے استعمال پر عائد پابندی کی خلاف ورزی بھی ہوتی دکھائی دیتی ہے۔
ذرائع کے مطابق اس نوعیت کی مبینہ غفلت مریضوں کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتی ہے، جس پر طبی حلقوں میں تشویش پائی جا رہی ہے۔
واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے اسپتال کی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر فرح نے انکوائری کمیٹی بنانے کا اعلان کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ویڈیو کے تمام پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا اور اگر کسی کی غفلت یا غیر پیشہ ورانہ رویہ ثابت ہوا تو ذمہ داروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھئیں


