وفاقی حکومت نے آزاد جموں و کشمیر میں سفری سہولیات بہتر بنانے کے لیے مری ایکسپریس وے کو مزید 70 کلومیٹر بڑھا کر مظفرآباد تک توسیع دینے کی منظوری دے دی ہے۔
یہ فیصلہ وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کی زیر صدارت نیشنل ہائی وے اتھارٹی (NHA) کے خصوصی اجلاس میں کیا گیا، جہاں ملک بھر میں جاری اور آئندہ ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہا کہ مظفرآباد ایکسپریس وے کی تکمیل سے آزاد کشمیر کے عوام کو جدید، محفوظ اور تیز رفتار سفری سہولیات میسر آئیں گی، جیسی سہولتیں اس وقت مری ایکسپریس وے استعمال کرنے والوں کو حاصل ہیں۔
وفاقی وزیر نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو ہدایت کی کہ نئے منصوبے شروع کرنے سے پہلے جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے رواں مالی سال کے دوران 25 اہم منصوبے مکمل کرنے کی بھی ہدایت جاری کی۔
این ایچ اے خود کفالت
عبدالعلیم خان نے اس موقع پر کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو ایک خود کفیل اور مضبوط ادارہ بنایا جائے، جو سالانہ 300 سے 400 ارب روپے تک آمدن پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہو۔
حکومت کا کہنا ہے کہ مری سے مظفرآباد تک
ایکسپریس وے کی توسیع نہ صرف سفری وقت کم کرے گی بلکہ سیاحت، تجارت اور خطے کی معاشی سرگرمیوں کو بھی فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گی۔


