بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف مزاحیہ اداکار راج پال یادو کو چیک باؤنس کیس میں دہلی ہائیکورٹ تین ماہ قید کی سزا سناتے ہوئے ماتحت عدالتوں کا فیصلہ برقرار رکھا ہے۔ عدالت نے اداکار اور ان کی اہلیہ رادھا یادو (Radha Yadav) کو شکایت کنندہ کمپنی مرلی پروجیکٹس پرائیویٹ لمیٹڈ (Murli Projects Private Limited) کو بقایا رقم ادا کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ مقدمہ 2010 میں اس وقت شروع ہوا جب راج پال یادو نے اپنی فلم "اتا، پتا، لاپتہ” (Ata Pata Laapata) کی تیاری کے لیے مرلی پروجیکٹس پرائیویٹ لمیٹڈ سے تقریباً پانچ کروڑ بھارتی روپے قرض حاصل کیا تھا۔ تاہم فلم باکس آفس پر کامیاب نہ ہو سکی، جس کے باعث وہ قرض کی مکمل ادائیگی نہ کر سکے۔
چیک باونس کیس
رپورٹس کے مطابق راج پال یادو (Rajpal Yadav)کی جانب سے کمپنی کو دیے گئے سات چیکس باؤنس ہوگئے، جس کے بعد ان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز ہوا۔ سن 2018 میں دہلی کی ایک عدالت نے انہیں قصوروار قرار دیتے ہوئے چھ ماہ قید کی سزا سنائی تھی، تاہم بعد ازاں دہلی ہائیکورٹ نے اس سزا پر عبوری حکم امتناع جاری کر دیا تھا۔
عدالتی کارروائی کے دوران راج پال یادو کو متعدد مرتبہ بقایا رقم ادا کرنے کے مواقع دیے گئے، لیکن وہ مکمل ادائیگی نہ کر سکے۔ رواں برس فروری میں عدالت نے انہیں جیل حکام کے سامنے سرینڈر کرنے کا حکم دیا، جس کے بعد وہ کچھ عرصہ جیل میں بھی رہے۔ بعد میں ڈیڑھ کروڑ بھارتی روپے کی ایک قسط جمع کرانے پر انہیں عبوری ریلیف اور ضمانت مل گئی، تاہم بعد میں بھی عدالت سے کیے گئے وعدے پورے نہ ہو سکے۔
دہلی ہائی کورٹ کا فیصلہ
تازہ فیصلے میں دہلی ہائیکورٹ نے واضح کیا ہے کہ راج پال یادو کی جانب سے پہلے ہی جمع کرائے گئے دو کروڑ 25 لاکھ بھارتی روپے مجموعی واجب الادا رقم میں ایڈجسٹ کیے جائیں گے۔
شکایت کنندہ کمپنی کے وکیل اوینیش سکہ (Avnish Sikka) کے مطابق سماعت کے دوران راج پال یادو نے عدالت میں کہا تھا کہ وہ کئی بار جیل جانے کے لیے تیار ہیں، لیکن مزید رقم ادا نہیں کریں گے۔ عدالت نے اس بیان کا بھی اپنے فیصلے میں حوالہ دیا ہے۔
دوسری جانب راج پال یادو کے وکیل بھاسکر اوپادھیائے (Bhaskar Upadhyay) کا کہنا ہے کہ ان کے مؤکل مختلف مراحل پر مجموعی طور پر ساڑھے چار کروڑ بھارتی روپے ادا کر چکے ہیں، تاہم ہائیکورٹ نے صرف وہی رقم ایڈجسٹ کرنے کا حکم دیا ہے جو اسی عدالت میں جمع کرائی گئی تھی۔
مذید خبریں
بالی وڈ اداکار راج پال یادو کی چیک باونس کیس میں عبوری ضمانت منظور – urdureport.com
راجپال یادیو کے بعد امیشا پٹیل کے بھی وارنٹ جاری – urdureport.com
انہوں نے مزید کہا کہ فیصلے کی تفصیلی نقل موصول ہونے کے بعد تمام قانونی نکات کا جائزہ لیا جائے گا اور اس کے بعد اعلیٰ عدالت میں اپیل دائر کی جائے گی۔
دہلی ہائیکورٹ نے راج پال یادو کو چیک باونس کیس میں (Cheque Bounce Case)فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرنے کے لیے دو ماہ کی مہلت بھی دے دی ہے۔


