لاہور: پوڈکاسٹ میزبان اور ڈیجیٹل کانٹینٹ کریئیٹر ریحان طارق کو توہین مذہب اور پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ (PECA) کے تحت درج مقدمے میں گرفتار کرنے کے بعد عدالت نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) کی درخواست پر ان کا 6 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔
ریحان طارق Rehan Tariq کو لندن سے وطن واپسی پر لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے گرفتار کیا گیا، جس کے بعد انہیں جوڈیشل مجسٹریٹ نعیم وٹو کی عدالت میں پیش کیا گیا۔
سماعت کے دوران ریحان طارق نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ انہیں اس انداز میں پیش کیا گیا جیسے وہ کوئی خطرناک مجرم ہوں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ گرفتاری سے قبل انہیں اپنے خلاف عائد الزامات سے آگاہ نہیں کیا گیا۔ تاہم عدالت نے NCCIA کی استدعا منظور کرتے ہوئے انہیں 6 روزہ جسمانی ریمانڈ پر تفتیشی ادارے کے حوالے کر دیا۔
ریحان طارق کے خلاف مقدمہ کیا ہے؟
مقدمہ ریحان طارق کے ایک پوڈکاسٹ سے متعلق ہے جس میں معروف مذہبی اسکالر سید جواد نقوی نے شرکت کی تھی۔ اس پوڈکاسٹ میں فرقہ وارانہ نوعیت کے حساس مذہبی موضوعات پر گفتگو کی گئی، جس کے بعد سوشل میڈیا پر شدید ردعمل سامنے آیا۔
تحقیقاتی حکام کے مطابق انٹرویو کے دوران کیے گئے سوالات اور بعد ازاں پوڈکاسٹ کی آن لائن اشاعت نے مبینہ طور پر پیکا ایکٹ اور پاکستان پینل کوڈ کی بعض دفعات کی خلاف ورزی کی، کیونکہ اس مواد سے مذہبی جذبات مجروح ہونے اور فرقہ وارانہ نفرت کو فروغ ملنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا۔
تاہم یہ الزامات ابھی عدالت میں ثابت نہیں ہوئے اور معاملے کی تحقیقات جاری ہیں۔
ایف آئی آر میں کیا کہا گیا؟
یہ مقدمہ NCCIA کے ڈپٹی ڈائریکر رضوان صابر کی مدعیت میں درج کیا گیا۔
ایف آئی آر میں پیکا ایکٹ 2016 کی دفعہ 11 (نفرت انگیز تقریر) کے علاوہ پاکستان پینل کوڈ کی دفعات 153-A (مختلف گروہوں کے درمیان دشمنی کو فروغ دینا)، 295-A (مذہبی جذبات کو دانستہ مجروح کرنا) اور 298 (مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کی نیت سے الفاظ یا اشاروں کا استعمال) شامل کی گئی ہیں۔
مذید خبریں
پشاور پندرہ سالہ لڑکی سے اجتماعی زیادتی! مقدمہ اندراج میں تاخیر – urdureport.com
پاکستان کی چار سالہ حج پالیسی 2027-2030 منظور، رجسٹریشن نظام میں بڑی تبدیلی – urdureport.com
ایف آئی آر کے مطابق ریحان طارق کے ایک پوڈکاسٹ میں شائع ہونے والا مواد مذہبی جذبات کو مجروح کرنے اور فرقہ وارانہ نفرت کو ہوا دینے کا باعث بن سکتا تھا، جس پر قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔
ریحان طارق کون ہیں؟
ریحان طارق پاکستان کے معروف پوڈکاسٹ میزبان اور ڈیجیٹل کانٹینٹ کریئیٹر ہیں۔ وہ سیاست، مذہب، حالاتِ حاضرہ اور سماجی مسائل پر طویل نشستوں پر مبنی انٹرویوز کرتے ہیں۔ ان کے پوڈکاسٹ میں سیاست دان، صحافی، ماہرین تعلیم اور مذہبی اسکالرز شرکت کرتے رہے ہیں، جس کے باعث انہیں سوشل میڈیا پر نمایاں مقبولیت حاصل ہوئی ہے۔


