اردو رپورٹ ڈیسک
سعودی فضائی دفاع نے یمن کے حوثی گروپ کی جانب سے مکہ مکرمہ کی طرف بھیجے گئے ڈرون کو تباہ کر دیا ہے۔ سعودی اتحادی افواج کے مطابق ڈرون کو مکہ مکرمہ کی ممنوعہ فضائی حدود میں داخل ہونے سے پہلے ہی روک لیا گیا۔
Saudi-led Arab Coalition: Saudi air defenses intercepted and destroyed a Houthi drone before it entered the restricted airspace over the holy city of Mecca. pic.twitter.com/Uc4ea2xqtR
— Urdu Report (@UrduReportpk) September 16, 2026
حرمین شریفین کے تحفظ پر سعودی اتحاد کا مؤقف
سعودی اتحادی افواج نے کہا ہے کہ حرمین شریفین کی جانب کسی بھی خطرے کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور مقدس مقامات ان کے لیے ریڈ لائن ہیں۔
یہ بیان حوثی فورسز سے متعلق حالیہ حملوں اور خطرات کے بعد سامنے آیا ہے۔
سعودی شہروں میں خطرے کے سائرن
اس سے قبل منگل کی رات سعودی عرب کے شہروں جازان، ابہا اور خمیس مشیط میں حملوں کے خطرے کے پیش نظر سائرن بجائے گئے تھے، تاہم کچھ دیر بعد وارننگ واپس لے لی گئی۔
رپورٹ کے مطابق پیر کے روز حوثی فورسز کی جانب سے سعودی عرب پر بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز کے متعدد حملوں میں 13 شہری زخمی ہوئے تھے۔
امام کعبہ کی مقدس مقامات پر حملوں کی مذمت
چیف امام کعبہ شیخ ڈاکٹر عبدالرحمان السدیس نے مقدس مقامات پر حوثیوں کے حملوں کو مذہبی اور انسانی اقدار کے منافی قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ مقدس مقامات کو نشانہ بنانا بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام انسانی جان، مال اور عزت کے تحفظ اور جارحیت کی ممانعت کا درس دیتا ہے۔
شیخ ڈاکٹر عبدالرحمان السدیس نے موجودہ حالات میں قومی اتحاد اور یکجہتی مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے عوام کو افواہوں سے خبردار رہنے اور معلومات صرف مستند ذرائع سے حاصل کرنے کی ہدایت کی۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام کا اتحاد اور قومی یکجہتی خطرات کا مقابلہ کرنے کی بنیادی قوت ہیں۔


