قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے اپنی اور اپنے اہلِ خانہ کی نجی زندگی سے متعلق پھیلائی جانے والی خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر مصدقہ معلومات اور افواہوں سے گریز کریں، بصورتِ دیگر ذمہ دار افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں شعیب ملک نے وضاحت کی کہ ان کی پہلی شادی 2023 کے آغاز میں باہمی رضامندی سے اختتام پذیر ہوئی تھی۔ ان کے مطابق علیحدگی کے بعد دونوں فریقین نے اپنے بچے کی مشترکہ پرورش پر اتفاق کیا، اور اسی کے بعد انہوں نے دوسری شادی کا فیصلہ کیا۔
— Shoaib Malik 🇵🇰 (@realshoaibmalik) February 28, 2026
ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے ہمیشہ اپنی نجی زندگی کو ذاتی رکھنے کی کوشش کی، تاہم بعض افراد ان کی خاموشی کا فائدہ اٹھا کر بے بنیاد کہانیاں پھیلا رہے ہیں۔
شعیب ملک نے مزید کہا کہ دوسری شادی کے بعد کچھ عناصر نے ان کا نام ایسے افراد سے جوڑنے کی کوشش کی جن سے ان کا کبھی کوئی تعلق نہیں رہا۔
ان کے بقول اس عمل سے نہ صرف ان کی ساکھ متاثر ہو رہی ہے بلکہ ان کے اہلِ خانہ کو بھی غیر ضروری تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جو کسی طور قابلِ قبول نہیں۔
انہوں نے اس بات پر بھی تشویش کا اظہار کیا کہ ان کا بیٹا اب اس عمر کو پہنچ چکا ہے جہاں وہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کو پڑھ سکتا ہے، اور جھوٹے الزامات ان کے قریبی لوگوں کے لیے اذیت کا باعث بنتے ہیں۔
سابق کپتان نے کہا کہ ایک عوامی شخصیت ہونے کے ناطے وہ تعمیری تنقید کو قبول کرتے ہیں، مگر کسی کی نجی زندگی میں مداخلت اور کردار کشی برداشت نہیں کی جا سکتی۔
آخر میں شعیب ملک نے خبردار کیا کہ اگر جھوٹی خبروں اور افواہوں کا سلسلہ جاری رہا تو ان کی قانونی ٹیم مناسب کارروائی کرنے پر مجبور ہوگی۔ انہوں نے یہ پیغام بھی دیا کہ زندگی محض چند لائکس اور ویوز کے حصول کا نام نہیں، ہر فرد کا خاندان اور عزت ہوتی ہے جس کا احترام ضروری ہے
یہ بھی پڑھئِں


