واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو سخت انتباہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ان کے قتل کی کوئی بھی کوشش کی گئی تو امریکہ بھرپور فوجی کارروائی کرے گا، جس کے لیے تمام تیاریاں پہلے ہی مکمل کی جا چکی ہیں۔
صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل (Truth Social) پر جاری کیے گئے ایک پیغام میں ایران کو مخاطب کرتے ہوئے کہا:
"اگر ایرانی حکومت نے دنیا کے کسی بھی کونے سے امریکہ کے موجودہ صدر یعنی میرے قتل کی دھمکی پر عمل کرنے یا قتل کرنے کی کوشش کی تو ایک ہزار میزائل بالکل تیار کھڑے ہیں جن کا نشانہ اسلامی جمہوریہ ایران ہے۔”
انہوں نے مزید کہا:
"ان ایک ہزار میزائلوں کے داغے جانے کے فوراً بعد ایران پر مزید ہزاروں میزائل بھی فائر کیے جائیں گے جس سے شدید تباہی پھیلے گی، اس فوجی کارروائی کے حوالے سے احکامات پہلے ہی جاری کیے جا چکے ہیں، امریکی فوج ایک سال کے عرصے کے لیے جس میں ضرورت پڑنے پر مزید اضافہ بھی ہو سکتا ہے ایران کے تمام علاقوں کو مکمل طور پر ملیا میٹ اور تباہ و برباد کرنے کے لیے ناصرف تیار اور رضامند ہے بلکہ اس کی پوری اہلیت بھی رکھتی ہے۔”
صدر ٹرمپ کا موقف کا اعادہ
رپورٹس کے مطابق امریکی صدر نے سوشل میڈیا بیان کے علاوہ امریکی میڈیا سے گفتگو کے دوران بھی ایران سے متعلق اپنے مؤقف کا اعادہ کیا۔
میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا:
"میں ایک عرصے سے ایران کی ہٹ لسٹ پر ہوں، اور اگر مجھے قتل کر دیا گیا تو امید ہے کہ آپ سب مجھے یاد رکھیں گے۔”
مذید خبریں
ایران سے بات کرنا وقت کا ضیاع، جنگ بندی ’ختم‘ ہو چکی ہے: ٹرمپ – urdureport.com
تہران : آیت اللہ علی خامنہ ای کی نماز جنازہ ادا، لاکھوں شریک،ٹرمپ حیرت زدہ – urdureport.com
امریکی صدر کے اس بیان کے بعد ایران اور امریکہ کے درمیان جاری کشیدگی ایک بار پھر توجہ کا مرکز بن گئی ہے، جبکہ اس حوالے سے ایرانی حکام کی جانب سے فوری طور پر کوئی سرکاری ردعمل سامنے نہیں آیا۔


