منگل, 29 ستمبر 2026
  • Home  
  • یکساں گیس ٹیرف نافذ کرنے کی تجویز، کون کون سے صارفین متاثر ہوں گے؟
- پاکستان

یکساں گیس ٹیرف نافذ کرنے کی تجویز، کون کون سے صارفین متاثر ہوں گے؟

وزارت پیٹرولیم نے یکم جولائی 2027 سے تمام صارفین کے لیے یکساں گیس ٹیرف نافذ کرنے کی تجویز پر کام شروع کردیا ہے۔ اوسط ٹیرف 1708 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کرنے کا منصوبہ زیرغور ہے۔

اردو رپورٹ ڈیسک

وزارت پیٹرولیم نے گیس کے یکساں ٹیرف کے نظام پر کام شروع کردیا ہے، جس کے تحت موجودہ 12 سلیب پر مشتمل ٹیرف نظام ختم کرکے یکم جولائی 2027 سے تمام صارفین کے لیے سنگل گیس ٹیرف نافذ کرنے کی تجویز زیرغور ہے۔

ذرائع کے مطابق یکساں ٹیرف پالیسی کی منظوری عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے لی جائے گی، جبکہ نئی پالیسی کے تحت گیس سیکٹر میں موجودہ سلیب سسٹم ختم کردیا جائے گا۔

اوسط گیس ٹیرف 1708 روپے مقرر کرنے کی تجویز

تمام صارفین کے لیے اوسط گیس ٹیرف 1708 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کرنے کا منصوبہ زیرغور ہے۔ کم آمدن والے مستحق افراد کو گیس کے بجائے ان کی آمدنی کی بنیاد پر سبسڈی دینے کی تجویز بھی پیش کی گئی ہے۔

مجوزہ نظام میں گیس سبسڈی کے موجودہ طریقہ کار کو ختم کرکے آمدنی کو ریلیف دینے کا بنیادی معیار بنانے کی تجویز ہے۔ گیس پر رعایت حاصل کرنے کے لیے گھریلو آمدنی کو بنیاد بنایا جائے گا۔

بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے امداد کی تجویز

ذرائع کے مطابق مستحق صارفین کی مالی معاونت بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے کرنے کی تجویز ہے۔ پاکستان نے آئی ایم ایف سے کراس سبسڈی ختم کرنے کا وعدہ کر رکھا ہے اور گیس سبسڈی کو کھپت کے بجائے صارفین کی آمدنی سے منسلک کرنے کی تجویز زیرغور ہے۔

موجودہ نظام میں کم استعمال کرنے والے صارفین انتہائی کم نرخوں پر گیس حاصل کر رہے ہیں۔ پروٹیکٹڈ صارفین کے لیے گیس کے نرخ 200 سے 350 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو تک ہیں۔

کراس سبسڈی کے خاتمے کے لیے 162 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز

کراس سبسڈی ختم کرنے کے لیے بجٹ میں 162 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔ نئی پالیسی کے نفاذ کی صورت میں گھریلو صارفین کے گیس نرخوں میں نمایاں اضافے کا امکان ہے۔

دوسری جانب صنعتی اور تجارتی شعبوں کے لیے گیس کے نرخوں میں نمایاں کمی متوقع ہے، جس کے نتیجے میں مختلف صارفین پر موجودہ ٹیرف نظام کے مقابلے میں مختلف اثرات مرتب ہوں گے۔

urdureport.com@2025. All Rights Reserved

Your license hasn’t been activated yet. Activate it now!