اردوEnglish
پیر, 23 نومبر 2026
  • Home  
  • امریکہ : الہان عمر سمیت 6 مسلمان امیدوار کامیاب، ٹرمپ نے نتائج تسلیم کر لیے
- دنیا

امریکہ : الہان عمر سمیت 6 مسلمان امیدوار کامیاب، ٹرمپ نے نتائج تسلیم کر لیے

امریکی وسط مدتی انتخابات میں ڈیموکریٹک پارٹی کے الہان عمر سمیت 6 مسلمان امیدوار ایوان نمائندگان کے رکن منتخب ہوگئے، جبکہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انتخابی نتائج تسلیم کرتے ہوئے ڈیموکریٹس کو کامیابی پر مبارک باد دی ہے۔

اردو رپورٹ ڈیسک

امریکا کے وسط مدتی انتخابات میں ڈیموکریٹک پارٹی نے نمایاں کامیابی حاصل کی ہے، جہاں الہان عمر سمیت 6 مسلمان امیدوار ایوان نمائندگان کی نشستیں جیتنے میں کامیاب ہوگئے، جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انتخابی نتائج تسلیم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے ڈیموکریٹس کو مبارک باد دی ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق مینیسوٹا سے ڈیموکریٹ امیدوار الہان عمر نے ری پبلکن حریف جان نیگل کو شکست دے کر مسلسل پانچویں بار کامیابی حاصل کی۔ ان کا انتخابی حلقہ منیاپولس شہر اور اس کے نواحی علاقوں پر مشتمل ہے۔

الہان عمر نے امیگریشن فراڈ سے متعلق تحقیقات اور سیاسی مخالفت کے باوجود اپنی نشست برقرار رکھی۔

چھ مسلمان امیدوار ایوان نمائندگان میں کامیاب

انتخابات میں نیوجرسی سے ڈیموکریٹ امیدوار آدم حماوی پہلی مرتبہ رکن کانگریس منتخب ہوئے، جبکہ مشی گن سے رشیدہ طلیب اور انڈیانا سے آندرے کارسن بھی اپنی نشستیں جیتنے میں کامیاب رہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق کیلیفورنیا میں عائشہ وہاب نے 57 فیصد جبکہ لطیفہ سائمن نے 80 فیصد ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی۔

ٹرمپ کا انتخابی نتائج تسلیم کرنے کا اعلان

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وسط مدتی انتخابات کے نتائج تسلیم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے ڈیموکریٹس کو کامیابی پر مبارک باد دی ہے۔

فاکس نیوز کو انٹرویو میں ٹرمپ نے کہا کہ وہ انتخابی نتائج تسلیم کرتے ہیں اور ڈیموکریٹس نے انتخابات میں اچھی کارکردگی دکھائی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈیموکریٹس 11 سال سے ایسی کامیابی کے منتظر تھے اور بالآخر انہیں کامیابی مل گئی۔ وہ انتخابی نتائج کو اپنی قیادت کے خلاف عوامی فیصلہ یا اپنی ذاتی شکست نہیں سمجھتے۔

ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ دو برس کے دوران ان کی حکومت نے تاریخی کارکردگی دکھائی اور ان کے دورِ صدارت کے یہ دو سال امریکی صدارتی تاریخ کے بہترین دو سال رہے۔

ایران پالیسی اور پیٹرول کی قیمتوں پر ٹرمپ کا مؤقف

اس سے قبل وال اسٹریٹ جرنل کو انٹرویو میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ ایران کے حوالے سے انہوں نے درست فیصلہ کیا تھا اور موقع ملنے پر دوبارہ بھی یہی فیصلہ کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ لوگ ایران سے متعلق ان کے اقدامات سے اتفاق کرتے ہیں، تاہم شاید وہ پیٹرول کی زیادہ قیمت برداشت کرنے کے لیے تیار نہیں تھے۔

ٹرمپ نے انتخابی نتائج پر تبصرہ کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ سب سے بڑا مسئلہ یہ تھا کہ وہ خود انتخابی میدان میں موجود نہیں تھے اور ان کا نام ووٹوں کے لیے بیلٹ پر شامل نہیں تھا۔

urdureport.com@2025. All Rights Reserved

Your license hasn’t been activated yet. Activate it now!