دنیا کی بڑی ٹیکنالوجی کمپنی Meta Platforms ایک نئے پرائیویسی تنازع کی زد میں آ گئی ہے، جب انکشاف ہوا کہ اس کے مصنوعی ذہانت سے لیس سمارٹ گلاسز کے ذریعے ریکارڈ کی گئی بعض انتہائی نجی ویڈیوز انسانی جائزہ کاروں تک پہنچتی رہی ہیں۔
اس معاملے نے صارفین کی رازداری، مصنوعی ذہانت کی تربیت اور ڈیجیٹل نگرانی سے متعلق سنجیدہ سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
تنازع کیسے سامنے آیا؟
کینیا میں قائم ڈیٹا اینوٹیشن کمپنی Sama کے متعدد ملازمین نے الزام عائد کیا ہے کہ انہیں ایسے ویڈیو کلپس کا جائزہ لینا پڑا جن میں صارفین کے گھروں کے نجی مناظر، نیم برہنہ افراد اور بعض انتہائی ذاتی لمحات شامل تھے۔
ملازمین کے مطابق یہ مواد Meta Platforms کے AI سسٹمز کو تربیت دینے کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا تاکہ سمارٹ گلاسز کی بصری سمجھ اور جوابی صلاحیت بہتر بنائی جا سکے۔
ایک ملازم نے غیر ملکی میڈیا کو بتایا کہ
"ہمیں روزانہ ایسے مناظر دیکھنے پڑتے تھے جو بعض اوقات شدید غیر آرام دہ اور نجی نوعیت کے ہوتے تھے۔”
یہ برہنہ ویڈیو کیسے ریکارڈ ہو تی ہیں ؟
Meta Platforms کے یہ سمارٹ گلاسز لوگوں کو خود بخود برہنہ نہیں دیکھتے اور نہ ہی ان میں کوئی ایکسرے جیسی ٹیکنالوجی موجود ہے۔ یہ صرف عام کیمرے کی طرح سامنے موجود منظر ریکارڈ کرتے ہیں۔ اگر کوئی شخص یہ چشمے پہن کر کسی نجی جگہ، جیسے بیڈروم یا گھر کے اندر، ویڈیو ریکارڈ کرے اور وہاں کوئی کپڑے بدل رہا ہو یا نجی حالت میں ہو تو وہ منظر بھی ویڈیو میں محفوظ ہو سکتا ہے، اور یہی ریکارڈنگ بعض اوقات AI سسٹم کے جائزے کے دوران انسانی ریویوورز تک پہنچنے کے باعث تنازع کا سبب بنی۔
میٹا اے آئی گلاسز کیا ہیں؟
Meta Platforms کے میٹا اے آئی گلاسز ایسے جدید سمارٹ چشمے ہیں جو عام چشموں جیسے دکھتے ہیں، مگر ان میں کیمرہ، مائیکروفون، اسپیکر اور مصنوعی ذہانت کی سہولت موجود ہوتی ہے۔ یہ چشمے Ray-Ban جیسے معروف برانڈز کے ساتھ تیار کیے گئے ہیں اور صارف انہیں پہن کر تصاویر اور ویڈیوز بنا سکتا ہے، کال سن سکتا ہے اور وائس کمانڈ کے ذریعے مختلف کام انجام دے سکتا ہے۔
ان چشموں کی خاص بات یہ ہے کہ ان میں موجود AI سامنے موجود چیزوں کو پہچان کر معلومات فراہم کر سکتا ہے، جیسے کسی عمارت، سائن بورڈ یا چیز کے بارے میں سوال کا جواب دینا یا متن کا ترجمہ کرنا۔ تاہم ان کی ریکارڈنگ صلاحیت کے باعث پرائیویسی سے متعلق خدشات بھی سامنے آئے ہیں، کیونکہ بعض اوقات نجی ماحول کی ویڈیوز بھی ریکارڈ ہو سکتی ہیں، جس پر دنیا بھر میں بحث
اصل خدشہ کیا ہے؟
ماہرین کے مطابق مسئلہ یہ نہیں کہ سمارٹ گلاسز موجود ہیں، بلکہ اصل تشویش یہ ہے کہ:
اگر یہ آلات نجی مقامات پر غیر ارادی طور پر ریکارڈنگ کریں تو کیا وہ مواد انسانی جائزے کے لیے استعمال ہو سکتا ہے؟
رپورٹس کے مطابق بعض کیسز میں ایسا مواد بھی سامنے آیا جس میں افراد اپنے گھروں میں ذاتی سرگرمیوں میں مصروف تھے۔
میٹا کا مؤقف
Meta Platforms نے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ صارفین کی واضح رضامندی کے بغیر ایسا مواد استعمال نہیں کرتی۔
کمپنی کے مطابق کچھ مواد صرف AI کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے محدود پیمانے پر جانچا جاتا ہے اور اس دوران سخت پرائیویسی پالیسیوں پر عمل کیا جاتا ہے۔
ساما کمپنی سے معاہدہ ختم
ان الزامات کے منظرعام پر آنے کے بعد Meta Platforms نے Sama کے ساتھ اپنا معاہدہ ختم کر دیا۔
اس فیصلے کے نتیجے میں 1100 سے زائد ملازمین متاثر ہوئے۔
مزدور تنظیموں کا الزام ہے کہ معاہدہ اس وقت ختم کیا گیا جب ملازمین نے کام کے حالات اور رازداری کے مسائل پر آواز اٹھائی۔
ریگولیٹرز متحرک
ستمبر میں میٹا نے رے بین اور اوکلی برانڈز کے اشتراک سے اے آئی صلاحیتوں کے حامل گلاسز کی ایک نئی رینج متعارف کروائی تھی۔یہ گلاسز لکھی تحاریر کا ترجمہ یا صارف جن مناظر کو دیکھ رہا ہو ان کے متعلق سوالات کے جوابات دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ مصنوعی ذہانت کے حامل یہ چشمے بالخصوص نابینا یا جزوی طور پر بصارت سے محروم افراد کے لیے مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔
تاہم جیسے جیسے یہ آلات مقبول ہوئے ہیں، ان کے غلط استعمال سے متعلق خدشات میں بھی اضافہ ہو رہا ہے جس پر برطانیہ اور کینیا کے ڈیٹا پروٹیکشن اداروں نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ تنازع مستقبل میں AI ڈیوائسز کے لیے سخت تر ضابطوں کا باعث بن سکتا ہے۔
مستقبل کا بڑا سوال
اگر کوئی شخص یہ چشمہ پہن کر گھر میں گھوم رہا ہو، بیڈروم یا کسی نجی جگہ میں ریکارڈنگ کر لے، پھر وہ ویڈیو AI فیچر کے ساتھ شیئر ہو جائے، تو بعض صورتوں میں وہ کلپس AI کو بہتر بنانے کے لیے انسانی ریویوورز دیکھ سکتے ہیں۔
یہ واقعہ ایک بنیادی سوال اٹھاتا ہے:
کیا AI سہولت اور ذاتی رازداری کے درمیان توازن قائم کیا جا سکتا ہے؟
ٹیکنالوجی تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے، مگر صارفین اب یہ جاننا چاہتے ہیں کہ ان کے روزمرہ لمحات کس حد تک محفوظ ہیں۔
مزید پڑھئِے


