چکوال: 14 جون 2026 چکوال میں پیش آنے والے ایک افسوسناک واقعے میں فائرنگ کے نتیجے میں 9 سالہ بچی ہانیہ احمد جان کی بازی ہار گئی جبکہ اس کے والد عدیل احمد اور بھائی عفان زخمی ہو گئے۔ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے بعض اہلکار بھی تفتیش کی زد میں آ گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق متاثرہ خاندان حال ہی میں آسٹریلیا سے پاکستان آیا تھا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق خاندان کو راستے میں موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے روک کر لوٹ لیا اور واردات کے بعد فرار ہو گئے۔
چکوال میں پیش آنے والے ایک افسوسناک واقعے میں فائرنگ کے نتیجے میں 9 سالہ بچی ہانیہ احمد جان کی بازی ہار گئی جبکہ اس کے والد عدیل احمد اور بھائی عفان زخمی ہو گئے۔ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے بعض اہلکار بھی تفتیش کی زد میں آ گئے ہیں۔ pic.twitter.com/Z8OPX9eCy7
— Urdu Report (@UrduReportpk) June 14, 2026
واقعہ ایک سکیورٹی ادارے کے دفتر کے قریب پیش آیا۔ حکام کے مطابق واردات کے دوران مشتبہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پر اہلکار موقع پر پہنچے، جہاں فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ اس دوران سی سی ڈی کے اہلکاروں کی جانب سے عدیل احمد کی گاڑی پر یہ سمجھ کر اندھا دھند فائرنگ کی گئی کہ شاید گاڑی میں ڈاکو ہیں۔ جس کے نتیجے میں ہانیہ احمد موقع پر جاں بحق جبکہ اس کے والد اور بھائی زخمی ہو گئے۔
ضلعی پولیس کی کاروائی
واقعے کے بعد ضلعی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کی تلاش شروع کی۔ حکام کے مطابق علی الصبح ایک آپریشن کے دوران دو مشتبہ ڈاکو مارے گئے، جن کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ ان کا تعلق لاہور اور شیخوپورہ سے تھا۔
بعد میں واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر شواہد کا جائزہ لیا گیا تو تحقیقات کا رخ فائرنگ میں ملوث اہلکاروں کی جانب بھی مڑ گیا۔ ذرائع کے مطابق ایک اہلکار سمیت دیگر افراد سے پوچھ گچھ جاری ہے تاکہ واقعے کی مکمل حقیقت سامنے لائی جا سکے۔
پولیس حکام نے بتایا ہے کہ اس معاملے کی جامع تحقیقات کے لیے ایس پی انویسٹی گیشن ساجد گوندل کی سربراہی میں مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی ہے، جو تمام پہلوؤں کا جائزہ لے رہی ہے۔
واقعہ بین الاقوامی توجہ کا مرکز
یہ واقعہ بین الاقوامی سطح پر بھی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔ آسٹریلوی میڈیا نے اس خبر کو نمایاں طور پر نشر کیا جبکہ آسٹریلیا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے بھی واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق آسٹریلوی حکام نے بھی معاملے کا نوٹس لیا ہے۔
مذید خبریں
ایشال فاطمہ کیسے اغوا ہوئی ،جانئیے مکمل تفصیل – urdureport.com
مونال ریسٹورنٹ نظرثانی،قاضی نے بند کرایا حکومت نے کھولنے کی حمایت کردی – urdureport.com
خاندانی ذرائع کے مطابق عدیل احمد اپنی اہلیہ ڈاکٹر سدرہ، بیٹے عفان اور بیٹی ہانیہ کے ہمراہ حج کی ادائیگی کے بعد چند روز قبل پاکستان پہنچے تھے۔ اہل خانہ کی خوشیوں بھری واپسی ایک المناک حادثے میں بدل گئی جس نے خاندان کو شدید صدمے سے دوچار کر دیا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کاشف ذوالفقار نے واقعے کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے یقین دہانی کرائی ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ذمہ دار افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔


