خیبر پختونخوا کے ضلع مردان میں واقع ایک گوردوارے میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے سکھ برادری سے تعلق رکھنے والے میاں بیوی جاں بحق ہوگئے۔
پولیس ترجمان کے مطابق واقعہ شہر کے بابو محلہ علاقے میں پیش آیا، جہاں گوردوارے کے ایک رہائشی کمرے میں مسلح افراد نے داخل ہو کر فائرنگ کی۔ فائرنگ کے نتیجے میں گوردوارے کی صفائی اور دیکھ بھال پر مامور میاں بیوی موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
پولیس کاروائی
اطلاع ملنے پر پولیس اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے لاشوں کو تحویل میں لے کر ضروری قانونی کارروائی کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، تاہم علاقے کی ناکہ بندی کرکے ان کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں جبکہ مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر قتل کی وجوہات سامنے نہیں آسکیں، تاہم واقعے کی مکمل چھان بین کی جا رہی ہے اور ذمہ داروں کو جلد گرفتار کرنے کی کوششیں جاری ہیں


