اردو رپورٹ ڈیسک
وزیراعظم شہباز شریف نے ملک کے مختلف علاقوں میں طویل لوڈشیڈنگ کا نوٹس لیتے ہوئے حکم دیا ہے کہ کسی بھی علاقے میں بجلی کی بندش دو گھنٹے سے زیادہ نہیں ہونی چاہیے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں بجلی کی لوڈ مینجمنٹ کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔ اجلاس کے دوران وزیراعظم نے مختلف شہروں میں بڑھتی ہوئی لوڈشیڈنگ پر تشویش کا اظہار کیا۔
شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ کسی بھی علاقے میں دو گھنٹے سے زیادہ لوڈشیڈنگ نہ ہونے کو یقینی بنایا جائے۔
آر ایل این جی کی فراہمی متاثر ہونے سے بجلی کا انتظام متاثر
بریفنگ کے دوران حکام نے بتایا کہ آبنائے ہرمز میں کشیدگی اور ترسیلی مشکلات کے باعث آر ایل این جی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ بجلی کی طلب اور رسد میں توازن برقرار رکھنے کے لیے لوڈ مینجمنٹ کرنا پڑ رہی ہے۔
وزیراعظم نے آر ایل این جی کی ترسیل میں تعطل سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم کا زرعی برآمدات کے فروغ پر بھی جائزہ اجلاس
اسلام آباد میں ایک اور اجلاس کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے زرعی شعبے کی ترقی اور زرعی برآمدات کے فروغ کے اقدامات کا جائزہ لیا۔
وزیراعظم نے پاکستان کی معاشی ترقی اور استحکام میں زراعت کو کلیدی شعبہ قرار دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو پاکستانی زرعی مصنوعات کے لیے عالمی منڈیوں تک رسائی بہتر بنانے کے لیے مربوط اقدامات کی ہدایت کی۔
شہباز شریف نے بیرون ملک پاکستانی مشنز میں تعینات کمرشل افسران کو زرعی برآمدات کے فروغ میں مؤثر کردار ادا کرنے کی ہدایت بھی کی۔
زرعی پیداوار اور جدت پر توجہ دینے کی ہدایت
شہباز شریف نے کہا کہ فی ایکڑ زرعی پیداوار میں اضافے، زراعت میں جدت لانے، لائیو اسٹاک کے شعبے کی ترقی اور زرعی برآمدات کے فروغ کے لیے وفاق اور صوبوں کے درمیان مؤثر رابطہ اور شراکت داری ضروری ہے۔
اجلاس میں زرعی شعبے کی ترقی اور زرعی برآمدات بڑھانے کے حوالے سے بریفنگ دی گئی جبکہ مختلف تجاویز بھی پیش کی گئیں۔


