اردو رپورٹ ڈیسک
پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز اور کیپٹن (ر) محمد صفدر کی صاحبزادی ماہ نور صفدر کا اذان جبار کے ساتھ نکاح ہفتے کے روز لاہور میں ہوا۔ ماہ نور صفدر سابق وزیراعظم نواز شریف کی نواسی بھی ہیں۔
نکاح کی نجی تقریب جاتی امرا میں منعقد ہوئی، جس میں قریبی رشتہ داروں اور مختلف اہم شخصیات نے شرکت کی۔ معروف مذہبی اسکالر مفتی راغب حسین نعیمی نے نکاح پڑھایا۔
تقریب میں سابق وزیراعظم نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف، حسن نواز، حسین نواز، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، علی ڈار، مریم اورنگزیب اور دیگر اہلِ خانہ سمیت اہم شخصیات شریک ہوئیں۔ تقریب کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر گردش کرتی رہ
مریم نواز کا ڈریس
ماہ نور صفدر کی شادی کے موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے معروف پاکستانی ڈیزائنر ’پرنیا بائے عائشہ‘ کا تیار کردہ لباس زیب تن کیا۔
رپورٹس کے مطابق اس لباس کی قیمت تقریباً 7 لاکھ روپے تھی۔ لباس خالص چائنا را سلک اور شانتیلی لیس سے تیار کیا گیا تھا، جس پر نفیس کڑھائی اور لگژری کُوتیور ڈیزائن نمایاں تھا۔
ماہ نور صفدر کے شوہر اذان جبار معروف فلور مل صنعت کار جبار خالد کے صاحبزادے ہیں۔ ماہ نور صفدر اور اذان جبار دونوں نے لندن کی ایس او اے ایس یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کی ہے۔
اذان جبار کی گھڑی
اذان جبار کی گھڑی بھی سوشل میڈیا پر گفتگو کا موضوع بنی۔ رپورٹس کے مطابق انہوں نے لگژری برانڈ ’پٹیک فلپ‘ کی کیوبیٹس گھڑی پہن رکھی تھی، جس کی ریٹیل قیمت تقریباً 45 ہزار امریکی ڈالر، یعنی لگ بھگ ایک کروڑ 24 لاکھ روپے بتائی جاتی ہے۔
شانزے علی روحیل کا لباس
جنید صفدر کی اہلیہ اور مریم نواز کی بہو شانزے علی روحیل نے تقریب میں بھارتی فیشن ڈیزائنر منیش ملہوترا کا تیار کردہ لباس پہنا۔
رپورٹس کے مطابق اس لباس کی قیمت تقریباً 35 لاکھ روپے تھی۔ انہوں نے جوڈتھ لائبر کا ہینڈ بیگ بھی اٹھا رکھا تھا، جس کی قیمت تقریباً 17 لاکھ 42 ہزار روپے بتائی گئی ہے۔
ماہ نور صفدر کا ڈیزائنر لباس
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور کیپٹن (ر) محمد صفدر کی سب سے چھوٹی صاحبزادی ماہ نور صفدر کا اذان جبار کے ساتھ نکاح کی تقریب۔ pic.twitter.com/0OshpGv9jQ
— Urdu Report (@UrduReportpk) September 13, 2026
ماہ نور صفدر نے نکاح کے موقع پر پاکستانی فیشن ڈیزائنر ندا اظور کا تیار کردہ ہلکے سنہری رنگ کا عروسی لباس زیب تن کیا۔
لباس پر فیروزی، گلابی، سنہری اور سلور رنگوں کی باریک کڑھائی کی گئی تھی۔ تاہم اس عروسی لباس کی حتمی قیمت سامنے نہیں آسکی۔
ماہ نور صفدر کے ہاتھ میں جمی چو کا ہینڈ بیگ بھی دکھائی دیا، جس کی قیمت تقریباً 14 لاکھ روپے بتائی جاتی ہے۔ انہوں نے رولیکس گھڑی بھی پہن رکھی تھی، جس کی اندازاً قیمت ماڈل اور مارکیٹ ویلیو کے مطابق 19 لاکھ سے 27 لاکھ روپے کے درمیان ہوسکتی ہے۔
ان کے عروسی انداز کو ہیرے کے زیورات، میک اپ اسٹوڈیو بائے سحرش کے تیار کردہ نرم آئیوری گلو میک اپ اور نیم کھلے بالوں نے مکمل کیا۔
شاہانہ پہناوں کی قیمت
رپورٹس میں بیان کردہ قیمتوں کی بنیاد پر مریم نواز، اذان جبار، شنزے علی روھیل اور ماہ نور صفدر کے نمایاں ملبوسات، گھڑیوں اور ہینڈ بیگز کی مجموعی مالیت تقریباً 21 کروڑ 60 لاکھ سے 22 کروڑ 40 لاکھ روپے کے درمیان بتائی گئی ہے۔
اس اندازے میں ماہ نور صفدر کے ندا اظور کے عروسی لباس اور ہیرے کے زیورات کے لیے تقریباً 15 لاکھ روپے بھی شامل کیے گئے ہیں۔ تاہم عروسی لباس کی حتمی قیمت کی تصدیق نہیں ہوسکی۔
اس سے قبل مریم نواز اپنے صاحبزادے جنید صفدر کی شادی کے موقع پر بھی مہنگے ملبوسات کے باعث سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کرچکی ہیں۔
اس موقع پر ان کے مختلف ملبوسات کی مجموعی رپورٹ شدہ مالیت تقریباً 50 لاکھ روپے بتائی گئی تھی۔


