اردوEnglish
ہفتہ, 17 اکتوبر 2026
  • Home  
  • برطانیہ میں مسلمان بچوں کے نام کے ساتھ سب سے مقبول نام کون سا رہا ، رپورٹ
- خاص رپورٹ

برطانیہ میں مسلمان بچوں کے نام کے ساتھ سب سے مقبول نام کون سا رہا ، رپورٹ

انگلینڈ اور ویلز میں نوزائیدہ بچوں کے خاندانی ناموں کی فہرست گزشتہ 30 برسوں میں تبدیل ہوگئی۔ خان، احمد اور علی کی مقبولیت دوگنی، جبکہ سکھ برادری سے منسوب سنگھ اور کور کی مقبولیت میں کم از کم پانچ گنا اضافہ ہوا ہے۔

اردو رپورٹ ڈیسک

برطانیہ میں نوزائیدہ بچوں کے خاندانی ناموں کی مقبولیت میں نمایاں تبدیلی سامنے آئی ہے، جہاں خان، احمد، علی اور حسین جیسے نام مقبول ترین 10 خاندانی ناموں میں شامل ہوگئے ہیں، جبکہ اسمتھ، جونز، ولیمز اور ٹیلر جیسے روایتی برطانوی ناموں کی مقبولیت میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

برطانوی اخبار ڈیلی میل کی خصوصی رپورٹ کے مطابق انگلینڈ اور ویلز میں پیدا ہونے والے بچوں کے خاندانی ناموں کی فہرست گزشتہ تین دہائیوں کے دوران نمایاں طور پر تبدیل ہوئی ہے۔

1996 میں مقبول ترین خاندانی نام

رپورٹ کے مطابق 1996 میں انگلینڈ اور ویلز میں پیدا ہونے والے بچوں میں اسمتھ، جونز اور ولیمز سب سے زیادہ عام خاندانی نام تھے۔ اس وقت ٹیلر، براؤن، ڈیوس، ایونز، تھامس، جانسن اور ولسن بھی مقبول ترین 10 ناموں میں شامل تھے۔

تاہم، تقریباً 30 برس بعد یہ فہرست تبدیل ہو چکی ہے اور کئی روایتی نام اپنی سابقہ مقبولیت برقرار نہیں رکھ سکے۔

خاندانی ناموں کی نئی درجہ بندی

ڈیلی میل کے مطابق اب مقبول ترین 10 خاندانی ناموں میں اسمتھ، خان، احمد، علی، جونز، حسین، سنگھ، ولیمز، پٹیل اور کور شامل ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جونز کی مقبولیت میں 43 فیصد کمی آئی ہے، تاہم یہ اب بھی فہرست میں پانچویں نمبر پر موجود ہے۔ آٹھویں نمبر پر آنے والے ولیمز کی مقبولیت میں بھی تقریباً اتنی ہی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

1990 کی دہائی میں مقبول رہنے والے دیگر خاندانی نام اب 11ویں سے 17ویں نمبر کے درمیان آ گئے ہیں۔

خان، احمد اور علی کی مقبولیت دوگنی

برطانیہ کے دفتر برائے قومی شماریات کے جمع کردہ اعداد و شمار کے مطابق خان، احمد اور علی کے خاندانی ناموں کی مقبولیت گزشتہ تین دہائیوں میں دوگنی ہو چکی ہے۔

اسی طرح سکھ برادری سے روایتی طور پر منسوب خاندانی نام سنگھ اور کور کی مقبولیت میں بھی کم از کم پانچ گنا اضافہ ہوا ہے۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ 30 برسوں میں جونز، ولیمز اور ٹیلر جیسے ناموں کی مقبولیت کم ہوئی، جبکہ خان، سنگھ اور کور جیسے نام زیادہ عام ہوئے ہیں۔

اسمتھ نام رکھنے والے بچوں کی تعداد میں کمی

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ برطانیہ کا سب سے عام خاندانی نام اسمتھ بھی اپنی مقبولیت کھو رہا ہے۔ 1996 میں 7,276 بچوں کے لیے یہ خاندانی نام ریکارڈ کیا گیا تھا، جبکہ اب یہ تعداد کم ہو کر 4,102 رہ گئی ہے۔

یہ اعداد و شمار انگلینڈ اور ویلز میں رجسٹر ہونے والی پیدائشوں پر مبنی ہیں۔ رپورٹ میں ایسے خاندانی نام شامل نہیں کیے گئے جن کی تعداد دو یا اس سے کم تھی۔

محمد لڑکوں کا مقبول ترین نام برقرار

خاندانی ناموں میں تبدیلی کی یہ رپورٹ ایسے وقت سامنے آئی ہے جب رواں موسمِ گرما میں جاری ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق محمد انگلینڈ اور ویلز میں لڑکوں کا مسلسل تیسرے سال سب سے مقبول نام قرار پایا۔

دفتر برائے قومی شماریات کے مطابق 2025 میں 5,957 لڑکوں کا نام محمد رکھا گیا تھا۔

urdureport.com@2025. All Rights Reserved

Your license hasn’t been activated yet. Activate it now!