اردو رپورٹ ڈیسک
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے اسلام آباد اور راولپنڈی میں ویزا فراڈ اور انسانی اسمگلنگ کے خلاف چار ماہ کے دوران کارروائی کرتے ہوئے 190 مشتبہ غیر قانونی ویزا ایجنٹوں کو گرفتار کرلیا اور مجموعی طور پر 61 کروڑ 55 لاکھ 55 ہزار روپے برآمد کیے ہیں۔
ایف آئی اے کے مطابق اس کارروائی کے دوران مجموعی طور پر 1,543 مقدمات درج کیے گئے۔
اسلام آباد اور راولپنڈی میں کارروائیاں
ایف آئی اے کے اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد سرکل نے 120 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا اور 41 کروڑ 10 لاکھ 50 ہزار روپے برآمد کیے۔
راولپنڈی سرکل میں 70 مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے 20 کروڑ 45 لاکھ روپے برآمد کیے گئے۔
بیرون ملک جانے والوں کے لیے اہم ہدایت
ایف آئی اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ بیرون ملک ملازمت یا سفر کے لیے کسی ایجنٹ کو رقم دینے سے پہلے اس کی ساکھ اور قانونی حیثیت کی تصدیق ضرور کریں۔
ادارے نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ ویزا فراڈ کا شبہ ہونے پر متعلقہ حکام کو اطلاع دیں تاکہ ایسے جرائم کے خلاف کارروائی کی جاسکے۔
غیر ملکی شہریوں سے فراڈ کے الزام میں تین گرفتار
دوسری جانب نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے راولپنڈی سرکل نے غیر ملکی شہریوں سے مبینہ طور پر دھوکا دہی کرنے کے الزام میں ایک خاتون سمیت تین مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا۔
حکام کے مطابق ملزمان مبینہ طور پر بینک کے نمائندے اور غیر ملکی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار بن کر متاثرین کو خوف زدہ کرتے اور ان سے رقم بٹورتے تھے۔
چھاپے کے دوران موبائل فون بھی قبضے میں لیے گئے، جبکہ دیگر ممکنہ ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے مزید کارروائی جاری ہے۔
مقدمہ درج، تحقیقات جاری
حکام کے مطابق ملزمان کے خلاف انسدادِ الیکٹرانک جرائم ایکٹ (پیکا) اور پاکستان پینل کوڈ کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں، جبکہ حکام دیگر ممکنہ ملوث افراد تک پہنچنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

