اردو رپورٹ ڈیسک
امریکا کے ساتھ ممکنہ جنگ اور جوہری حملے کے خدشات کے پیش نظر ایران نے ہنگامی تیاریاں تیز کر دی ہیں، جبکہ اپنی فضائی دفاعی صلاحیت بہتر بنانے کے لیے روس سے جدید ایس 400 دفاعی نظام خریدنے پر بھی بات چیت جاری ہے۔
برطانوی اخبار دی ٹائمز کے مطابق ایران نے ممکنہ امریکی فوجی کارروائی کے پیش نظر شہریوں کو جوہری تابکاری سے محفوظ رکھنے کے لیے حفاظتی اقدامات تیز کر دیے ہیں۔
ایران میں آئیوڈین کی گولیاں تقسیم
دی ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق ایرانی حکام ممکنہ جوہری تابکاری کے اثرات سے بچاؤ کے لیے شہریوں میں آئیوڈین کی گولیاں تقسیم کر رہے ہیں۔
ایرانی حکام شہریوں کو ہنگامی حالات سے نمٹنے کے حوالے سے ہدایات بھی دے رہے ہیں۔ اس سلسلے میں ایران کے جوہری مرکز پِک ایکس ماؤنٹین پر ممکنہ حملے کے خدشات بھی برقرار ہیں۔
ایس 400 دفاعی نظام کے لیے روس سے مذاکرات
دوسری جانب برطانوی اخبار دی ٹیلی گراف نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران جدید ایس 400 فضائی دفاعی نظام حاصل کرنے کے لیے روس سے مذاکرات کر رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق محسن رضائی نے گزشتہ روز ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کا خط روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کو پہنچایا۔
ایران امریکا اور اسرائیل کے حملوں کے بعد اپنے فضائی دفاعی نظام کو دوبارہ مضبوط بنانا چاہتا ہے اور اسی مقصد کے لیے جدید دفاعی نظام کے حصول کی کوششیں کر رہا ہے۔
روس کی جانب سے دفاعی نظام کی فراہمی میں ہچکچاہٹ کا امکان
دی ٹیلی گراف کے مطابق یوکرین جنگ میں مصروفیت کے باعث روس ایران کو ایس 400 دفاعی نظام فراہم کرنے سے گریز کر سکتا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایران میں ممکنہ فوجی کشیدگی کے خدشات کے دوران فضائی دفاعی صلاحیتوں کو بہتر بنانے اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی تیاریاں جاری ہیں۔


