اردو رپورٹ ڈیسک
اسلام آباد میں 13 سالہ گھریلو ملازمہ فاطمہ کی مبینہ تشدد سے ہلاکت کے مقدمے کی تحقیقات میں اہم شواہد سامنے آ گئے ہیں۔ پولیس نے اس گھر سے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر لی ہے جہاں بچی ملازمت کرتی تھی۔ پولیس حکام کے مطابق فوٹیج میں مبینہ طور پر بچی کو تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
تفتیشی ٹیم نے گھر کی تلاشی کے دوران مختلف اقسام کے تین ڈنڈے بھی برآمد کیے ہیں، جنہیں مبینہ طور پر بچی پر تشدد کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔
پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق فاطمہ کے جسم پر تشدد کے 20 سے زائد نشانات موجود تھے۔ سر، چہرے، بازوؤں، ہاتھوں اور ٹانگوں پر شدید چوٹوں، سوجن، نیل اور پرانے زخموں کے علاوہ استری سے جلائے جانے کے نشانات بھی پائے گئے۔
طبی رپورٹ کے مطابق بعض زخم تازہ جبکہ کچھ پرانے تھے۔ میڈیکو لیگل افسر نے موت کی وجہ بار بار کیے جانے والے جسمانی تشدد کے نتیجے میں لگنے والی شدید چوٹوں کو قرار دیا ہے۔
سی سی ٹی وی فوٹیج اور تین ڈنڈے برآمد
پولیس حکام کے مطابق مبینہ تشدد کا واقعہ اسلام آباد پولیس لائنز میں واقع ایک رہائش گاہ پر پیش آیا۔ واقعے کا مقدمہ تھانہ شمس کالونی میں قتل کی دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ فاطمہ ایک سینئر سرکاری افسر کی اہلیہ کے گھر ملازمت کرتی تھی۔ گرفتار خاتون کے پاس پاکستانی شہریت کے ساتھ غیر ملکی شہریت بھی ہے۔
مقدمے میں خاتون اور ایک دوسرے گھریلو ملازم قاری علی کو گرفتار کیا گیا ہے۔ دونوں ملزمان کو جوڈیشل مجسٹریٹ نائمہ عفت کی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں سے انہیں چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ پولیس نے ابتدائی طور پر ملزمان کے آٹھ روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی۔
پوسٹ مارٹم رپورٹ میں 20 سے زائد زخموں کی نشاندہی
پوسٹ مارٹم رپورٹ میں فاطمہ کے جسم پر کم از کم 20 زخموں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ سر کے دائیں حصے سے پچھلے حصے تک شدید سوجن اور خون جمع ہونے کے آثار پائے گئے، جبکہ سر کے دیگر حصوں پر بھی چوٹوں اور خون جمنے کے نشانات موجود تھے۔
ڈاکٹروں کے مطابق بچی کے چہرے، کندھوں، بازوؤں، ہاتھوں، ٹانگوں اور گھٹنوں پر سوجن، نیل، جلد کی رنگت میں تبدیلی اور زخم موجود تھے۔ جسم کے مختلف حصوں پر پرانے زخم، جلنے کے نشانات اور ایسے زخم بھی پائے گئے جو ابھی تک مندمل نہیں ہوئے تھے۔
میڈیکو لیگل افسر کی رائے میں مسلسل جسمانی تشدد کے باعث فاطمہ کو شدید چوٹیں آئیں، جس سے جسم میں سوزش پیدا ہوئی۔ اس کے نتیجے میں خون کی نالیوں میں لوتھڑے بننے کی پیچیدگی (تھرومبو ایمبولزم) پیدا ہوئی اور بالآخر دل اور نظام تنفس نے کام کرنا چھوڑ دیا۔
رپورٹ کے مطابق تمام زخم بچی کو زندگی میں لگے تھے اور معمول کے حالات میں موت کا سبب بننے کے لیے کافی تھے۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں موت اور طبی معائنے کے درمیان تقریباً چار سے پانچ گھنٹے کا وقفہ بھی بتایا گیا ہے۔
فاطمہ تین سال سے پولیس افسر کے گھر ملازمت کرتی تھی
تحقیقاتی افسر نے بی بی سی اردو کو بتایا کہ فاطمہ گزشتہ تین سال سے پولیس افسر محمد بن اشرف کے گھر پر کام کر رہی تھی۔ بچی کے والدین جنوبی پنجاب کے علاقے رحیم یار خان میں مذکورہ افسر کی زرعی زمینوں پر کام کرتے ہیں۔
گرفتار خاتون گریڈ 19 کے پولیس سروس افسر کی اہلیہ ہیں، جو اس وقت وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) میں تعینات ہیں۔ واقعے کے وقت ان کے شوہر گوجرانوالہ ریجن میں ڈائریکٹر کے عہدے پر خدمات انجام دے رہے تھے۔
ان کی رہائش گاہ اسلام آباد پولیس لائنز ہیڈ کوارٹرز میں واقع ہے۔ پولیس حکام کے مطابق محمد بن اشرف ماضی میں اسلام آباد پولیس ہیڈ کوارٹرز میں ایس پی تعینات رہے، اسی دوران انہیں پولیس لائنز ہیڈ کوارٹرز میں رہائش گاہ الاٹ کی گئی تھی۔
دوسرا گرفتار ملزم بھی سرکاری ملازم
مقدمے میں گرفتار دوسرا ملزم قاری علی پنجاب ہائی ویز پٹرولنگ میں سرکاری ملازم ہے۔ تفتیشی ٹیم کے ایک اہلکار کے مطابق جب محمد بن اشرف راولپنڈی میں تعینات تھے تو قاری علی ان کے ساتھ ڈیوٹی بھی انجام دیتا رہا ہے۔
گریڈ 19 کے افسر اور گرفتار خاتون کے شوہر کو شامل تفتیش کرنے کے حوالے سے تحقیقاتی اہلکار نے بتایا کہ قانونی تقاضے پورے کرنے کے لیے اسلام آباد پولیس کے سربراہ کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔ انہیں اس سلسلے میں ڈی جی ایف آئی اے سے رابطہ کرنے کی سفارش بھی کی گئی ہے۔
اہلکار کے مطابق گرفتار خاتون کے شوہر گوجرانوالہ میں تعیناتی کے دوران بھی اسلام آباد آتے رہے ہیں۔ تفتیشی حکام اس امکان کو نظرانداز نہیں کر رہے کہ انہیں گھر میں ہونے والے مبینہ تشدد کا علم ہو سکتا تھا۔
محمد بن اشرف سے اس معاملے پر مؤقف جاننے کے لیے رابطہ کیا گیا، تاہم انہوں نے کوئی ردعمل نہیں دیا۔
مقدمے میں کسی ملزم کو نامزد کیوں نہیں کیا گیا؟
اسلام آباد پولیس کے ترجمان کے مطابق مقدمے کی ابتدائی ایف آئی آر میں کسی شخص کو نامزد نہیں کیا گیا، کیونکہ مقتولہ کے والد نے اپنی درخواست میں کسی فرد کا نام شامل نہیں کیا تھا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ تحقیقات کے دوران مزید شواہد سامنے آنے کی صورت میں ضمنی بیانات اور تفتیشی کارروائی کے ذریعے دیگر افراد کو بھی مقدمے میں نامزد کیا جا سکتا ہے۔
تحقیقاتی ٹیم کے ایک اہلکار نے بی بی سی اردو کو بتایا کہ مقتولہ فاطمہ گرفتار خاتون کی رشتہ دار بھی تھی۔
پولیس لائنز میں نگرانی کے نظام سے متعلق وضاحت
اسلام آباد پولیس کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) ہیڈ کوارٹرز جواد طارق نے بتایا کہ پولیس لائنز ہیڈ کوارٹرز میں متعدد پولیس افسران کے گھر موجود ہیں۔
ان کے مطابق پولیس کے پاس نگرانی کا نظام ضرور موجود ہے، تاہم کسی افسر کی رہائش گاہ کے اندر جا کر یہ معلوم نہیں کیا جا سکتا کہ وہاں کیا سرگرمیاں جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب تک کسی گھر کے حوالے سے باقاعدہ شکایت موصول نہ ہو، پولیس اس کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کر سکتی۔
قانونی کارروائی اور مزید تحقیقات
فوجداری مقدمات کے وکیل خالد سیف اللہ کے مطابق اگر کسی گھر میں تشدد کا سلسلہ جاری ہو اور دیگر افراد کو اس کا علم ہونے کے باوجود وہ کارروائی نہ کریں یا متعلقہ حکام کو آگاہ نہ کریں تو ان کے خلاف بھی ضابطہ فوجداری کی دفعہ 328 اے کے تحت کارروائی ہو سکتی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقدمے کے تمام پہلوؤں سے شفاف تحقیقات جاری ہیں۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ اور دیگر جمع کیے گئے شواہد کی روشنی میں مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔


