اردو رپورٹ ڈیسک
پاکستان میں سونے کی قیمت میں مسلسل چوتھے روز بھی بڑی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ ہفتے کے روز فی تولہ سونا 3 ہزار 500 روپے اور 10 گرام سونا 3 ہزار ایک روپے سستا ہوگیا۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق قیمتوں میں تازہ کمی کے بعد ملک بھر میں 24 قیراط فی تولہ سونے کی نئی قیمت 3 لاکھ 76 ہزار 336 روپے ہوگئی ہے۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت 3 لاکھ 22 ہزار 647 روپے ہوگئی ہے، جس میں 3 ہزار ایک روپے کی کمی ہوئی۔ جس کے بعد سرمایہ کاروں مین تشویو کی لہر دوڑ گئی اور فروخت کرنے کے لیے گولڈ مارکیٹ کا رخ کرنے لگے۔
عالمی مارکیٹ میں بھی سونا سستا
عالمی بلین مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں 35 ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد فی اونس سونے کی قیمت 3 ہزار 538 ڈالر ہوگئی۔
عالمی مارکیٹ میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں کمی کے اثرات پاکستان کی مقامی صرافہ مارکیٹوں پر بھی مرتب ہوئے ہیں۔
چاندی کی قیمت میں بھی کمی
سونے کے ساتھ چاندی کی قیمت میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ مقامی مارکیٹ میں 24 قیراط فی تولہ چاندی 108 روپے سستی ہونے کے بعد 4 ہزار 600 روپے کی سطح پر آگئی۔
گزشتہ دنوں سونے کی قیمتوں میں کمی کا رجحان
پاکستان میں 20 نومبر کو فی تولہ سونے کی قیمت میں 15 ہزار 400 روپے کی بڑی کمی ہوئی تھی، جس کے بعد قیمت 3 لاکھ 79 ہزار 836 روپے ہوگئی تھی۔ اس روز 10 گرام سونا 13 ہزار 203 روپے سستا ہوکر 3 لاکھ 25 ہزار 648 روپے کا ہوگیا تھا۔
19 نومبر کو بھی فی تولہ سونا 3 ہزار 700 روپے کمی کے بعد 3 لاکھ 95 ہزار 236 روپے پر آگیا تھا، جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت 3 ہزار 172 روپے کم ہوکر 3 لاکھ 38 ہزار 851 روپے ہوگئی تھی۔
18 نومبر کو فی تولہ سونے کی قیمت میں 10 ہزار روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی تھی، جس کے بعد یہ 3 لاکھ 98 ہزار 936 روپے ہوگیا تھا۔ 10 گرام سونے کی قیمت بھی 8 ہزار 573 روپے گھٹ کر 3 لاکھ 42 ہزار 23 روپے ہوگئی تھی۔
17 نومبر کو سونے کی قیمت میں استحکام رہا تھا اور فی تولہ سونا 4 لاکھ 8 ہزار 936 روپے جبکہ 10 گرام سونا 3 لاکھ 50 ہزار 596 روپے پر برقرار رہا تھا۔
اس سے قبل 16 نومبر کو فی تولہ سونا 2 ہزار روپے سستا ہوکر 4 لاکھ 8 ہزار 936 روپے اور 10 گرام سونا ایک ہزار 715 روپے کمی کے بعد 3 لاکھ 50 ہزار 596 روپے کا ہوگیا تھا۔
سونے کی قیمتوں میں کمی اور اضافے کی وجوہات
عالمی اور ملکی سطح پر مختلف عوامل سونے کی قیمتوں پر اثرانداز ہوتے ہیں۔ ان میں امریکی ڈالر کی قدر میں تبدیلی، عالمی معاشی غیر یقینی صورت حال، جغرافیائی سیاسی کشیدگی اور سرمایہ کاروں کا رجحان شامل ہیں۔
عالمی سطح پر سیاسی اور معاشی غیر یقینی کے دوران سرمایہ کار سونے کو محفوظ سرمایہ کاری تصور کرتے ہیں۔ ایسے حالات میں سونے کی طلب بڑھنے سے قیمتوں میں اضافہ ہوسکتا ہے، جبکہ غیر یقینی صورت حال میں کمی آنے سے قیمتوں پر دباؤ پڑ سکتا ہے۔
پاکستان میں عالمی مارکیٹ کے نرخوں کے علاوہ روپے اور امریکی ڈالر کے شرح تبادلہ میں تبدیلی بھی مقامی صرافہ مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں کے تعین میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔


